عالمی یوم طلبہ؛ علم کی شمع، آزادی کی صدا اور مظلوم نسلوں کا مستقبل

17 نومبر عالمی یوم طلبہ (International Students’ Day) ہے۔ یہ دن علم، تعلیمی آزادی، انسانی حقوق اور انصاف کے لئے جدوجہد کرنے والے طلبہ کی قربانیوں اور خدمات کی یاد دلاتا ہے۔ اس دن کا تاریخی پس منظر 17 نومبر 1939ء کے ان واقعات سے وابستہ ہے جب نازی جرمن افواج نے چیکوسلواکیہ کے دارالحکومت پراگ میں طلبہ کی تحریک کو کچلنے کے لئے 9 طلبہ رہنماؤں کو سزائے موت دی، 1200 سے زائد طلبہ کو گرفتار کیا اور جامعات بند کردیں۔ 1941ء میں لندن میں بین الاقوامی طلبہ نمائندوں نے اس تاریخ کو عالمی یوم طلبہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔
اسلام نے علم کو انسانی عظمت اور معاشرتی ترقی کی بنیاد قرار دیا ہے۔ قرآن کریم فرماتا ہے: "هَلْ يَسْتَوِي الَّذِينَ يَعْلَمُونَ وَالَّذِينَ لَا يَعْلَمُونَ”
کیا علم رکھنے والے اور علم نہ رکھنے والے برابر ہوسکتے ہیں؟ (سورۂ زمر، آیت 9)
امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام فرماتے ہیں: "الْعِلْمُ خَيْرٌ مِنَ الْمَالِ، الْعِلْمُ يَحْرُسُكَ وَأَنْتَ تَحْرُسُ الْمَالَ”
علم مال سے بہتر ہے، کیونکہ علم تمہاری حفاظت کرتا ہے، جبکہ تمہیں مال کی حفاظت کرنا پڑتی ہے۔ (نہج البلاغہ، حکمت 147)
مکتب اہل بیت علیہم السلام میں علم محض روزگار کا ذریعہ نہیں، بلکہ انسانی شعور کی بیداری، اخلاقی تربیت اور اصلاح معاشرہ کا وسیلہ ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام سے منقول ہے: "طَلَبُ الْعِلْمِ فَرِيضَةٌ عَلَى كُلِّ مُسْلِمٍ”؛ علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ (الکافی، کتاب فضل العلم)
آج عالمی یوم طلبہ ایسے حالات میں منایا جارہا ہے جب دنیا کے مختلف خطوں میں طلبہ کے تعلیمی اور بنیادی انسانی حقوق سنگین خطرات سے دوچار ہیں۔ افغانستان میں طالبان حکومت کی پابندیوں نے لاکھوں لڑکیوں کو ثانوی اور اعلیٰ تعلیم سے محروم کردیا ہے۔ یونیسکو کے مطابق 2.6 ملین سے زیادہ افغان لڑکیاں ثانوی تعلیم حاصل نہیں کرپارہی ہیں۔
فلسطین خصوصاً غزہ میں اسرائیلی جنگ نے اسکولوں اور جامعات کو تباہ کرکے ہزاروں طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔ دوسری جانب امریکہ اور یورپ کے تعلیمی اداروں میں فائرنگ اور جان لیوا حملوں کے واقعات نے طلبہ کی سلامتی پر سوالات کھڑے کئے ہیں۔ امریکہ کی براؤن یونیورسٹی میں دسمبر 2025ء کی فائرنگ اور پولینڈ کی وارسا یونیورسٹی میں مئی 2025ء کا مہلک حملہ اس صورت حال کی مثالیں ہیں۔
دنیا کے دیگر ممالک میں بھی طلبہ کو غربت، مہنگی تعلیم، بے روزگاری، نسلی و مذہبی امتیاز، سیاسی دباؤ اور اظہار رائے کی پابندیوں کا سامنا ہے۔ یہ صورت حال عالمی برادری اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کرتی ہے۔
عالمی یوم طلبہ کا پیغام صرف تعلیمی حقوق کا مطالبہ نہیں، بلکہ طلبہ کو اپنی علمی و سماجی ذمہ داریوں کا احساس دلانا بھی ہے۔ طالب علم کو چاہیے کہ وہ علم کو محض ڈگری اور ملازمت تک محدود نہ رکھے، بلکہ اسے انسانیت کی خدمت، مظلوموں کی حمایت، جہالت کے خاتمے اور معاشرتی اصلاح کا ذریعہ بنائے۔
ضرورت ہے کہ دنیا کے تمام ممالک تعلیم کو بنیادی انسانی حق تسلیم کریں، تعلیمی اداروں کو جنگ اور تشدد سے محفوظ رکھیں اور افغانستان، فلسطین سمیت دنیا بھر کے محروم طلبہ کے لئے تعلیم کے دروازے کھولیں۔
کیونکہ جس معاشرے میں قلم خاموش، جامعات ویران اور طلبہ خوف زدہ ہوں، وہاں روشن مستقبل کی تعمیر ممکن نہیں۔ علم کی شمع روشن رکھنا ہی ایک باشعور اور مہذب دنیا کی ضمانت ہے۔




