تاریخ اسلام

5جمادی الثانی؛ وفات شارح نہج البلاغہ ابن ابی الحدید معتزلی شرح نہج البلاغہ اور امیرالمؤمنین علیہ السلام کی عظمت کے اعتراف کا علمی ورثہ

اسلامی تاریخ میں بعض شخصیات اپنے علمی آثار کے ذریعہ مختلف مکاتبِ فکر میں نمایاں مقام حاصل کرتی ہیں۔ عزالدین ابوحامد عبدالحمید بن ہبۃ اللہ، معروف بہ ابن ابی الحدید معتزلی، ساتویں صدی ہجری کے ممتاز عالم، ادیب، مؤرخ اور متکلم تھے۔ ان کی شہرۂ آفاق کتاب "شرح نہج البلاغہ” امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے علمی، ادبی اور تاریخی مقام کے مطالعہ کا اہم ماخذ ہے۔

ابن ابی الحدید 586ھ میں مدائن میں پیدا ہوئے اور 656ھ میں بغداد میں وفات پائی۔ وہ فقہی اعتبار سے شافعی اور کلامی اعتبار سے معتزلی، بالخصوص معتزلہ بغداد سے وابستہ تھے۔

شرح نہج البلاغہ؛ ایک عظیم علمی کاوش

ابن ابی الحدید نے 644ھ میں شرح نہج البلاغہ کی تالیف شروع کی اور 649ھ میں اسے مکمل کیا۔ بیس اجزا پر مشتمل اس کتاب میں انہوں نے نہج البلاغہ کے خطبات، مکتوبات اور کلمات کی لغوی، ادبی، بلاغی، تاریخی اور کلامی تشریح پیش کی ہے۔ اس کے علاوہ اسلامی تاریخ کے متعدد واقعات، سیاسی حالات اور مختلف علمی و فکری نظریات بھی زیر بحث لائے ہیں۔

ان کی شرح کا ایک اہم پہلو نہج البلاغہ کی اصالت کا دفاع ہے۔ انہوں نے اس اعتراض کو رد کیا کہ نہج البلاغہ کا کلام سید رضی کی اپنی تصنیف ہے اور اس کے ادبی اسلوب و بلاغت کو امیرالمومنین امام علی علیہ السلام سے اس کی نسبت کی تائید میں پیش کیا۔

امیرالمؤمنین علیہ السلام کی عظمت کا اعتراف

ابن ابی الحدید کی شخصیت کا نمایاں پہلو امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کی علمی، اخلاقی اور ادبی عظمت کا غیرمعمولی اعتراف ہے۔ انہوں نے آپؑ کی فصاحت و بلاغت، شجاعت، زہد، عدل اور علمی مقام کو اپنی شرح میں نمایاں کیا ہے۔

وہ معتزلی ہونے کے باوجود امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کو صحابہ میں افضل قرار دیتے تھے، تاہم ان کا نظریۂ افضلیت امامیہ اثناعشری عقیدۂ امامت سے مختلف تھا۔ ان کے نزدیک افضلیت اور منصبِ خلافت و امامت کے استحقاق کے درمیان وہ لازمی تعلق نہیں تھا جو امامیہ عقیدے میں تسلیم کیا جاتا ہے۔

شیعہ علماء کی تنقید اور علمی اختلاف

ابن ابی الحدید کی علمی خدمات کے ساتھ ان کے اعتزالی نظریات بھی شیعہ محققین کے مطالعہ کا موضوع رہے ہیں۔ متعدد امامیہ علماء نے ان کے بعض تاریخی و کلامی استدلالات پر تنقید کرتے ہوئے مستقل تالیفات مرتب کیں۔

مرحوم علامہ سید جمال الدین احمد بن موسیٰ ابن طاؤوس نے "الروح في نقض ما أبرمه ابن أبي الحديد” کے عنوان سے ان کے بعض نظریات کا رد کیا۔ اسی طرح مرحوم علامہ سید ہاشم بحرانی کی "سلاسل الحديد وتقييد أهل التقليد” اور مرحوم علامہ شیخ یوسف بحرانی کی "سلاسل الحديد في تقييد ابن أبي الحديد” بھی اس علمی تنقیدی روایت کی مثالیں ہیں۔

ان کتب سے واضح ہوتا ہے کہ ابن ابی الحدید کی شرح کو شیعہ علماء نے علمی استفادے کے ساتھ تنقیدی مطالعے کا موضوع بھی بنایا۔ ان کے تاریخی و ادبی مواد سے استفادہ کرنا ان کے تمام اعتقادی نظریات کی تائید کے مترادف نہیں۔

معاصر مراجع کرام کی کتب میں ابن ابی الحدید کا ذکر

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ نے اپنی کتاب "عليٌّ في القرآن” میں ابن ابی الحدید کی شرح نہج البلاغہ سے حضرت علی علیہ السلام کے فضائل کے ضمن میں روایت نقل کی ہے اور ان کا تعارف ان الفاظ میں کرایا ہے: "وهو من أعيان علماء المعتزلة” یعنی وہ معتزلہ کے ممتاز علماء میں سے تھے۔
(واضح رہے کہ کتاب "علی فی القران” کا اردو ترجمہ معروف بزرگ عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مجتبی علی خان ادیب الہندی طاب ثراہ کے زیر سرپرستی مجلس علماء و واعظین لکھنو سے شائع ہوا ہے۔)

تاریخی و ادبی تحقیق میں شرح نہج البلاغہ کی اہمیت

ابن ابی الحدید کی شرح محض ایک مذہبی کتاب کی تشریح نہیں، بلکہ اسلامی تاریخ، عربی ادب، علم کلام اور سیاسی تاریخ کا وسیع ذخیرہ ہے۔ جدید دور میں بھی اس کی تاریخی اہمیت پر تحقیق کی گئی ہے۔ مؤسسۂ علوم نہج البلاغہ، کربلا سے شائع ہونے والی محقق علامہ احمد فاضل عجیبی کی کتاب "شرح نهج البلاغة لابن أبي الحديد المعتزلي مصدراً من مصادر تاريخ العرب قبل الإسلام” اس سلسلے کی ایک اہم تحقیقی کاوش ہے۔

ابن ابی الحدید معتزلی کی علمی شخصیت اس حقیقت کی یاد دہانی کراتی ہے کہ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی فصاحت، علم، شجاعت اور اخلاقی عظمت نے مختلف مکاتبِ فکر کے اہل علم کو متاثر کیا۔ ان کے بعض اعتقادی نظریات سے اختلاف کے باوجود ان کی شرح نہج البلاغہ اسلامی علمی و ادبی ورثے میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ ان کے یومِ وفات پر ان کی خدمات کا تذکرہ دراصل نہج البلاغہ کے اس عظیم سرمایے کی اہمیت اجاگر کرنے کا موقع ہے، جو آج بھی اہل تحقیق کے لئے قابل استفادہ ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button