عقائد، احکام اور معارفِ اہلِ بیت کو عام لوگوں تک پہنچانا سب کی ذمہ داری اور واجبِ کفائی ہے : آیت اللہ العظمیٰ شیرازی

آیت اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کا روزانہ علمی درس قم میں منعقد ہوا۔اس نشست میں بھی حسبِ سابق معظم لہ نے حاضرین کے مختلف فقہی مسائل سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔
آیت اللہ العظمیٰ شیرازی نے دینی معارف کی تبیین و اشاعت میں اجتماعی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ عقائد، واجب و حرام کے لازمی احکام اور اہلِ بیتِ عصمت و طہارت علیہم السلام سے متعلق ان معارف و حقائق کو لوگوں تک پہنچانا، جن کا جاننا ضروری ہے، تمام اہلِ علم بلکہ غیر اہلِ علم کا بھی فریضہ ہے۔
معظم لہ نے سورۂ کہف کی آیت 29 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا کام محض حق کا پیغام پہنچانا ہے، اسے قبول کرنے پر کوئی جبر نہیں، اور یہ اہم ذمہ داری "واجبِ کفائی” ہے۔
انہوں نے اس ذمہ داری کا شرعی طریقۂ کار بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر معاشرے میں اتنے افراد (مَن فِيهِ الْكِفَايَة) یہ فریضہ انجام دے رہے ہوں تو باقی لوگوں سے تکلیف ساقط ہو جاتی ہے، لیکن بصورتِ دیگر جب تک یہ خلا پُر نہ ہو، اس کی ادائیگی سب پر واجب رہے گی۔




