مصر
مصر میں گیزہ کے قریب 2 ٹرینوں میں تصادم، 7 ہلاک، 112 زخمی

قاہرہ۔ مصر کے شہر گیزہ کے قریب العیاط کے علاقے میں 2 مسافر ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 112 زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک ٹرین ڈرائیور بھی شامل ہے۔
ریلوے اتھارٹی کے مطابق گیزہ سے فیوم جانے والی ٹرین قاہرہ سے اسوان جانے والی ٹرین کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے بعد کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر کر ڈھلوان میں جا گریں۔
حادثے کے بعد 72 ایمبولینسز جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں اور قریبی اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ گیزہ اور بالائی مصر کے درمیان ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔
صدر عبدالفتاح السیسی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔




