نجف تا کربلا زیارتی راستے پر شجرکاری مہم کا آغاز، موکب داروں میں پودے تقسیم

روضۂ امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام سے وابستہ شعبۂ مواکبِ حسینیہ نے نجف اشرف سے کربلائے معلیٰ جانے والے زیارتی راستے "یا حسین” پر پودے لگانے کی مہم شروع کر دی ہے۔
"ہم عشقِ علی میں کاشت کرتے ہیں” کے عنوان سے شروع کی گئی اس مہم کا مقصد ہریالی میں اضافہ، ماحول کی بہتری اور اس زیارتی شاہراہ کی خوبصورتی کو بڑھانا ہے۔
روضۂ علوی کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق، علاقے کی آب و ہوا کے موافق مختلف اقسام کے پودے راستے میں موجود حسینی مواکب کے ذمہ داروں میں تقسیم کیے گئے ہیں، تاکہ شجرکاری اور ہریالی کے تحفظ کی ثقافت کو عملی شکل دی جا سکے۔
اس کے علاوہ روضۂ مقدس کے خدام نے شعبۂ مواکب کے نمائندوں کے ساتھ مل کر موکب داروں کو پودوں کی صحیح نگہداشت اور آبیاری کے طریقے بھی سکھائے۔
واضح رہے کہ یہ راستہ ہر سال، بالخصوص اربعینِ حسینی کے ایام میں، دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں زائرین کی میزبانی کرتا ہے۔ موکب مالکان نے مہم کا پرتپاک خیرمقدم کیا ہے اور درختوں کے تناور ہونے تک ان کی حفاظت اور آبیاری میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔




