جمعہ کے خطبات کے موضوعات وقف بورڈ طے کرے گا؟ عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی اور کشمیری علماء کی مخالفت
جمعہ کے خطبات کے موضوعات وقف بورڈ طے کرے گا؟ عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی اور کشمیری علماء کی مخالفت
جموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے مساجد میں جمعہ کے خطبات کے لئے یکساں موضوعات مقرر کرنے کی تجویز پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور میرواعظ کشمیر مولوی عمر فاروق کی سربراہی میں متحدہ مجلس علماء نے اعتراض کیا ہے۔
سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے اس اقدام کو مذہبی معاملات میں مداخلت قرار دیا اور کہا کہ ائمہ مساجد خود بہتر جانتے ہیں کہ خطبات میں کن موضوعات پر گفتگو کرنی چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ اقدام مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں یکسانیت مسلط کرنے کی کوشش ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی سوشل میڈیا پر تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے وقف بورڈ کی چیئرپرسن سے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب متحدہ مجلس علماء نے اپنے بیان میں کہا کہ خطبات کے موضوعات طے کرنا کسی انتظامی یا قانونی ادارے کا اختیار نہیں، کیونکہ منبر ایک امانت ہے اور مذہبی رہنمائی علماء اور دینی اداروں کے دائرۂ اختیار میں آتی ہے۔




