ہیلسنکی سٹی کونسل کا اسکولوں میں اسلامی حجاب پر پابندی کی تجویز مسترد، مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر زور

فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی کی سٹی کونسل نے اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں سر اور چہرے کے حجاب پر مکمل پابندی عائد کرنے کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔
اس فیصلے نے ایک بار پھر یورپ میں مذہبی آزادی اور مسلمان طلبہ کے حقوق کے مسئلہ کو میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
خبر ویب سائٹ "فن لینڈ العربی” کی رپورٹ کے مطابق، ہیلسنکی سٹی کونسل نے اسلامی حجاب پر عمومی پابندی کے بجائے تعلیمی اداروں میں حفاظتی ضوابط کو اپ ڈیٹ کرنے پر زور دیا ہے۔
اس نئے نقطۂ نظر کے تحت طلبہ کی شناخت صرف مخصوص تعلیمی و امتحانی مواقع پر ضروری ہوگی، اور اس عمل کو انفرادی آزادیوں کے خاتمہ یا حجاب پر پابندی کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
انسانی حقوق کے علمبرداروں اور مذہبی اقلیتوں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے تعلیمی اداروں میں مسلمان طلبہ کی مساوی موجودگی کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔




