غیر معصوم اسلامی حکومتیں اموالِ عامہ کی شرعی مالک نہیں ہیں اور ان کے اموال "مجہول المالک" کے حکم میں ہیں: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کی روزانہ علمی نشست، جمعرات 26 ربیع الثانی 1448 کو منعقد ہوئی۔
اس نشست میں بھی سابقہ اجلاسوں کی طرح معظم لہ نے حاضرین کے مختلف فقہی مسائل سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے حکومتوں کے اموال اور ان میں تصرفات سے متعلق فقہی احکام کو بیان کرتے ہوئے، غیر معصوم اسلامی حکومتوں اور غیر اسلامی حکومتوں کے درمیان ملکیت کے مسئلے میں فرق کی تشریح فرمائی۔
معظم لہ نے اسلامی حکومتوں میں ملکیت کی کیفیت کی وضاحت کرتے ہوئے تصریح فرمائی: "اسلامی حکومتوں میں جن کے سربراہ کے طور پر امامِ معصوم یا ان کی جانب سے ماذونِ خاص موجود نہیں ہے، حکمران اموالِ عامہ کے شرعی مالک نہیں ہیں؛ کیونکہ ان کا تصرف اور تسلط یدِ مالکی کے باب میں شمار نہیں ہوتا اور یہ تمام اموال مجہول المالک کے حکم میں ہیں جن کے اصل مالک حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف ہیں۔”
انہوں نے مزید غیر اسلامی حکومتوں میں اموال کے حکم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: "غیر اسلامی حکومتوں میں اصلِ اولی قاعدۂ ید اور علامتِ ملکیت کی بنیاد پر ہے، مگر یہ کہ اس کے برخلاف ثابت ہو جائے؛ لہٰذا تمام حکومتوں کو ایک ہی حکم کا حامل قرار نہیں دیا جا سکتا اور ان کے مابین فقہی امتیاز موجود ہے۔”




