ڈیرہ مراد جمالی میں مسجد حسینی و امام بارگاہ کی مبینہ بے حرمتی، ایم ڈبلیو ایم کا ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ
ڈیرہ مراد جمالی میں مسجد حسینی و امام بارگاہ کی مبینہ بے حرمتی، ایم ڈبلیو ایم کا ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ
ڈیرہ مراد جمالی / کوئٹہ: مسجد حسینی و امام بارگاہ کربلائی کی مبینہ بے حرمتی اور دیوار توڑنے کے واقعے پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی، عزاداری ونگ بلوچستان کے صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی اور دیگر رہنماؤں نے امام بارگاہ کا دورہ کرکے واقعے کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر حاجی ہدایت اللہ گورشانی، سید سعید علی شاہ اور مقامی عمائدین بھی موجود تھے۔
علامہ ڈومکی نے کہا کہ مساجد و امام بارگاہیں مقدس مقامات ہیں، ان کی بے حرمتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ مذہبی مقامات کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ علامہ ظفر عباس شمسی نے انتظامیہ سے سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے مومنین سے صبر و تحمل اور قانونی راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی اور اعلان کیا کہ 11 اکتوبر بروز سوموار کو اسی مقام پر احتجاجی مجلس عزا منعقد ہوگی۔
دوسری جانب ایس ایچ او ڈیرہ مراد جمالی نے امام بارگاہ پہنچ کر علماء کو ملزمان کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔




