اے آئی چیٹ بوٹس کا امیج ٹیسٹ؛ بعض ٹولز نے مسلم خواتین کا حجاب ہٹا دیا

دی گارجین اور عرب نیوز کے تجربات پر مبنی رپورٹ کے مطابق بعض معروف اے آئی چیٹ بوٹس نے پرومپٹ دیے جانے پر خواتین کی تصاویر سے حجاب ہٹانے کی درخواست پر عمل کیا، جبکہ بعض ٹولز نے مذہبی روایات، رضامندی اور پرائیویسی کا حوالہ دیتے ہوئے انکار کیا۔
رپورٹ کے مطابق چیٹ جی پی ٹی، گروک اور جیمنائی نے مختلف تجربات میں حجاب ہٹانے کی تصاویر تیار کیں، جبکہ کلوڈ نے ایسی ترمیم کو رضامندی اور ممکنہ ہراسانی کے خدشات کے باعث مسترد کیا۔ تجربات میں سکھ پگڑی اور کیتھولک راہباؤں کے مذہبی لباس سے متعلق بھی مختلف نتائج سامنے آئے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اے آئی امیج ٹولز کے ذریعہ مذہبی شناخت اور خواتین کی تصاویر میں غیر رضاکارانہ تبدیلیاں پرائیویسی، وقار اور آن لائن ہراسانی کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھاتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق متعلقہ اے آئی کمپنیوں نے ان تجربات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔




