اسلامی دنیاتاریخ اسلام

مکتبِ امام جعفر صادق علیہ السلام کی انسانی اور تجربی علوم کی بنیادوں میں پیش قدمی

اسلامی تاریخ میں امام کی علمی جامعیت اور تمدن سازی کا ایک نیا جلوہ

حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی علمی جامعیت صرف فقہی اور کلامی مسائل کے جوابات تک محدود نہیں تھی، بلکہ علومِ تجربی کی بنیاد رکھنے اور مختلف طبیعی علوم کے ماہرین و دانشوروں کی تربیت میں بھی نمایاں ہوئی؛ ایسے پہلو جو اسلامی تمدن کی بنیاد رکھنے میں آپ کے بے مثال کردار کو ثابت کرتے ہیں۔

ہمارے ساتھی نے اپنی رپورٹ میں اس موضوع کو بیان کیا ہے، آئیے اسے ملاحظہ کرتے ہیں:

حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی بابرکت علمی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو صحیح طور پر سمجھنے کے لئے علم و تحقیق کے میدان میں آپ علیہ السلام کے جامع اور تمدن ساز طرزِ فکر کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

اس دور میں جب اسلامی معاشرہ فکری تبدیلیوں اور مختلف علوم و دانش کے ورود کا سامنا کر رہا تھا، امام صادق علیہ السلام کے علمی مکتب نے نہ صرف دینی اصولوں کی حفاظت کی بلکہ علومِ طبیعی، کیمیا، طب اور علمِ نجوم و فلکیات کی بنیادوں کو بھی عالمِ اسلام میں مضبوط کیا۔

حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کا علمی مکتب مختلف صلاحیتوں کی نشوونما اور متنوع علمی استعداد رکھنے والے افراد کی تربیت کا ایک وسیع اور جامع مرکز تھا۔

آپ نے جابر بن حیان جیسی درخشاں شخصیت کی تربیت کرکے، جنہیں آج کیمیا کے علم کا بانی یا بابائے کیمیا کہا جاتا ہے—یہ واضح کر دیا کہ وحیانی تعلیمات اور الٰہی معارف، عقلانیت، تجربے اور عالمِ طبیعت کے قوانین کی دریافت کے ساتھ کسی قسم کا تضاد نہیں رکھتے، بلکہ ان دونوں کا باہمی ہم آہنگ ہونا علمی ترقی اور سائنسی نشوونما کی راہ ہموار کرتا ہے۔

امام صادق علیہ السلام علمی مناظروں کے انعقاد اور مادّی افکار کے حامل افراد کے شبہات کے جوابات کے ذریعہ معاشرے میں تحقیق، جستجو اور تنقیدی فکر کی روح کو فروغ دیتے تھے۔

علمِ کائنات اور انسانی جسم کی تشریح جیسے موضوعات کے بارے میں امام علیہ السلام کی تعلیمات، جو اثر انگیز کتاب "توحیدِ مفضل” میں منعکس ہوئی ہیں، اس علمی پیش قدمی کی واضح مثال ہیں جس نے اپنے عہد کی علمی حدود کو عبور کیا۔

علم و معرفت کے بارے میں یہ جامع طرزِ فکر قرآنِ کریم کی نورانی آیات اور اہلِ بیت علیہم السلام کی سیرتِ طیبہ میں گہری جڑیں رکھتا ہے۔

قرآنِ کریم انسانوں کو بارہا کائنات اور خود اپنے وجود میں غور و تدبر اور تخلیق کے رازوں کی دریافت کی دعوت دیتا ہے اور ارشاد فرماتا ہے: "سَنُرِيهِمْ آيَاتِنَا فِي الْآفَاقِ وَفِي أَنفُسِهِمْ حَتَّىٰ يَتَبَيَّنَ لَهُمْ أَنَّهُ الْحَقُّ” ’’عنقریب ہم انہیں اپنی نشانیاں آفاقِ عالم اور خود ان کے اپنے وجود میں دکھائیں گے، یہاں تک کہ ان پر واضح ہوجائے گا کہ وہی حق ہے۔‘‘

اہلِ بیت علیہم السلام کی گراں قدر روایات کی روشنی میں علم دراصل ایک الٰہی امانت ہے، جس کا مقصد انسانوں کی خدمت اور عظمتِ آفرینش کا ادراک ہے۔ اسی لیے امام جعفر صادق علیہ السلام کا علمی مکتب علم و اخلاق کے حقیقی امتزاج کا مظہر اور اسلامی معاشروں میں علمی ایجادات، تحقیق اور ترقی کے لئے ایک لازوال نمونہ قرار دیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button