17 ربیع الاول کی شب و روز کی فضیلتیں اور اعمال

ایک سال کے روزے کے ثواب سے لے کر زیارت اور مؤمنین کے دلوں کو خوش کرنے تک
17 ربیع الاول کی شب و روز، رسولِ خدا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے، سال کے نہایت مبارک اور فضیلت و شرافت والے ایام میں شمار ہوتے ہیں۔
مشہور قول کے مطابق علمائے امامیہ کا نظریہ ہے کہ حضرت خاتم الانبیاء محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادتِ باسعادت مکہ مکرمہ میں عامُ الفیل کے سال ہوئی، اور کئی برس بعد اسی روز حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت نے اس مبارک دن کی فضیلت اور برکت میں مزید اضافہ کر دیا۔
دینی منابع اور کتبِ ادعیہ میں اس بابرکت دن کی روحانی فیوض و برکات سے زیادہ سے زیادہ بہرہ مند ہونے کے لئے متعدد عبادات اور اعمال کی سفارش کی گئی ہے۔
متعدد روایات کی بنا پر 17 ربیع الاول کا روزہ سال کے ان چار ممتاز دنوں میں شمار ہوتا ہے جن کے روزے کا ثواب ایک سال کے روزے رکھنے کے برابر قرار دیا گیا ہے۔
روزے کے علاوہ غسل کرنا، دو رکعت مخصوص نماز ادا کرنا، رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نزدیک سے یا دور سے زیارت کرنا اور حضرت امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کی زیارت بھی اس دن کے اہم اعمال میں شمار ہوتے ہیں۔
اسی طرح اس بابرکت دن کی تعظیم و تکریم، صدقہ دینا، نیکی و احسان کرنا اور مؤمنین کے دلوں کو خوش کرنا بھی شعائرِ الٰہی کی تعظیم کے لیے نہایت مؤکد اور قابلِ اہتمام اعمال میں شمار کیا گیا ہے۔




