شہادتِ امام رضا علیہ السلام کی مناسبت سے دنیا بھر سے 40 لاکھ زائرین اور عقیدت مندوں کی مشہدِ مقدس آمد
شہادتِ امام رضا علیہ السلام کی مناسبت سے دنیا بھر سے 40 لاکھ زائرین اور عقیدت مندوں کی مشہدِ مقدس آمد
حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی شہادت کے ایام میں مشہدِ مقدس دنیا کے مختلف علاقوں اور متعدد ممالک سے آنے والے لاکھوں سوگواران اور خاندانِ عصمت و طہارت علیہم السلام کے عقیدت مندوں کی غیر معمولی اور بے مثال حاضری کا منظر پیش کر رہا ہے۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی نے روزنامہ شہرآرا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 40 لاکھ سے زائد زائرین مشہدِ مقدس میں داخل ہو چکے ہیں۔
اس پرجوش اور عقیدت مند ہجوم میں 7 لاکھ سے زائد پیدل زائرین بھی شامل ہیں، جو منظم کاروانوں اور عزادار دستوں کی صورت میں دور و نزدیک کے علاقوں سے پیدل سفر کرتے ہوئے حرمِ مطہرِ رضوی کی جانب رواں دواں ہیں، تاکہ ماہِ صفر کے اختتامی ایام میں منعقد ہونے والی عظیم الشان مجالسِ عزاداری اور سوگواری میں شرکت کرسکیں۔
حرمِ مطہر رضوی کے صحنوں اور اطراف کی شاہراہوں و گزرگاہوں میں زائرین کی غیر معمولی کثرت اور سوگواروں کی وسیع تعداد کے پیشِ نظر سفر کی مناسب منصوبہ بندی اور واپسی کے وقت کا منظم تعین انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
اس طرح کے اقدامات سے زائرین کی آمد و رفت میں سہولت پیدا کرنے، ازدحام کو کم کرنے اور آستانۂ مقدس رضوی کے تمام عقیدت مندوں کے لئے زیارت و عزاداری کی مراسم کو مزید منظم انداز میں انجام دینے میں مدد ملے گی۔




