لندن کے میئر کا برطانیہ میں بڑھتی ہوئی اسلاموفوبیا پر انتباہ؛ سماجی یکجہتی کو خطرہ
لندن کے میئر کا برطانیہ میں بڑھتی ہوئی اسلاموفوبیا پر انتباہ؛ سماجی یکجہتی کو خطرہ
لندن کے مسلمان میئر صادق خان نے برطانیہ میں اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر اور تارکینِ وطن و مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جارحانہ سیاسی بیانیے کے سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منفی ماحول نے برطانوی مسلمانوں میں احساسِ وابستگی کو شدید متاثر کیا ہے اور بعض مسلمانوں کو یہ احساس ہونے لگا ہے کہ وہ اپنے ہی ملک میں درجۂ دوم کے شہری ہیں۔
عرب لندن (Arab-London) ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، صادق خان نے روزنامہ ڈیلی ٹیلی گراف کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ امیگریشن اور اسلام کے حوالے سے بڑھتی ہوئی بحث محض ایک معمولی سیاسی اختلافِ رائے نہیں، بلکہ یہ سماجی یکجہتی کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے۔
لندن کے میئر نے سیاسی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ نفرت انگیز بیانات کو ہوا دینے کے بجائے ان کے تدارک اور ان کے خلاف جدوجہد میں اپنی ذمہ داری ادا کریں۔
انہوں نے مزید یاد دلایا کہ ذرائع ابلاغ اور سیاسی میدان میں دیے جانے والے بیانات کے اثرات پارلیمان کی حدود سے کہیں آگے تک معاشرے پر مرتب ہوتے ہیں۔ اس لیے ایک ایسے معاشرے کے تحفظ کے لیے کوشش کی جانی چاہیے جہاں تمام شہری مساوی حقوق اور ذمہ داریوں کے حامل ہوں۔



