شہرِ مقدس قم میں بیت آیت اللہ العظمیٰ شیرازی میں مجلس اربعینِ حسینی منعقد

20 صفر، یومِ اربعینِ سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی آمد پر دنیا بھر میں آپؑ کے چاہنے والوں اور عزاداروں نے مجالسِ عزا برپا کرکے اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام سے اپنی بے لوث محبت و عقیدت کا اظہار کیا اور شہدائے کربلا کی یاد کو تازہ کیا۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق، مرجعِ عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کے مرکزی دفتر قم میں بھی اربعینِ حسینی کی مناسبت سے پُروقار مجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا۔
اس مجلس میں مرجعِ عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی، علمائے کرام، مراجعِ عظام کے نمائندگان، حوزۂ علمیہ کے طلبہ، علمی و ثقافتی شخصیات اور مؤمنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مجلس عزا کے دوران علمائے کرام اور ذاکرینِ اہلِ بیت علیہم السلام نے واقعۂ عاشورا کے تاریخی و انقلابی پہلوؤں، پیغامِ اربعین اور قافلۂ اسیرانِ اہلِ بیت علیہم السلام کے مصائب و آلام پر روشنی ڈالی۔
مجلس کے اختتام پر عزاداروں نے حضرت رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کے ساتھ اپنی عقیدت، محبت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پرسوز عزاداری کی۔




