
45 ہزار سے زائد عاشقانِ سیدالشہداء علیہ السلام کی تاریخی شرکت
حضرت امام حسین علیہ السلام سے عشق و عقیدت کسی جغرافیائی سرحد کی پابند نہیں۔ اربعینِ حسینی کا روحانی پیغام آج پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔ ایامِ عزائے حسینی کے ساتھ ہی ایک اور براعظم میں اہلِ بیت علیہم السلام کے جان نثاروں کا عظیم اجتماع برپا ہوا، جس نے قیامِ عاشورا کی عالمگیر تاثیر، دینی وحدت اور مؤمنین کے باہمی اخوت کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔
مڈل ایسٹ نیوز کے مطابق، امریکہ کی ریاست مشی گن کے شہر ڈیئربورن میں اربعینِ حسینی کی سب سے بڑی مشایہ کا انعقاد کیا گیا، جسے امریکہ میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اجتماع قرار دیا جا رہا ہے۔
اس تاریخی اور روحانی اجتماع میں موسلا دھار بارش کے باوجود حضرت امام حسین علیہ السلام اور اہلِ بیت اطہار علیہم السلام کے تقریباً 45 ہزار عقیدت مند شریک ہوئے اور سیدالشہداء علیہ السلام کے پیغامِ حق، عدل اور آزادی سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق، عزادارانِ حسینی نے اسلامک سینٹر کربلا سے فورڈ ووڈز پارک تک تقریباً دو کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کیا۔
اس عظیم مشایہ میں بچوں، نوجوانوں، خواتین اور پورے خاندانوں کی بھرپور شرکت نے یہ ثابت کر دیا کہ ثقافتِ عاشورا اور پیغامِ اربعین کی معنوی قوت دنیا بھر میں مسلمانوں، بالخصوص شیعہ برادری کے دلوں میں زندہ و تابندہ ہے اور اس کی عالمگیر تاثیر مسلسل فروغ پا رہی ہے۔




