اربعین کی پیدل زیارت میں پاؤں کے چھالوں سے بچاؤ اور علاج کی جامع رہنمائی؛ زائرین کے لیے اہم طبی و احتیاطی ہدایات
اربعین کی پیدل زیارت میں پاؤں کے چھالوں سے بچاؤ اور علاج کی جامع رہنمائی؛ زائرین کے لیے اہم طبی و احتیاطی ہدایات
امام حسین علیہ السلام کی محبت میں اربعین کی پیدل زیارت ہر عاشقِ اہلِ بیتؑ کی دیرینہ آرزو ہوتی ہے، لیکن اس روحانی سفر سے بھرپور فیض حاصل کرنے کے لیے جسمانی صحت، خصوصاً پاؤں کی حفاظت، نہایت ضروری ہے، کیونکہ اسی کے سہارے یہ طویل سفر طے کیا جاتا ہے۔
آئیے، اس حوالے سے ہمارے ساتھی کی یہ خصوصی رپورٹ ملاحظہ کرتے ہیں۔
ہر سال لاکھوں عشاقِ حضرت اباعبداللہ الحسین علیہ السلام، روضۂ اقدس کی زیارت کی سعادت حاصل کرنے کے لیے طویل مسافت پیدل طے کرتے ہیں۔
اس عظیم اور روح پرور سفر میں تمام بوجھ پاؤں ہی اٹھاتے ہیں، اور اگر ان کی صحت کا خیال نہ رکھا جائے تو یہی معمولی سی غفلت اس مبارک سفر کی شیرینی کو دشواری میں بدل سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس سفر میں پاؤں پر چھالے پڑنے کی سب سے بڑی وجہ نامناسب سائز کے جوتے یا جرابوں کا مسلسل رگڑ کھانا ہے۔
اگرچہ پاؤں کے چھالے عموماً خطرناک نہیں ہوتے، تاہم ان کی شدید جلن اور درد زائرین کے لیے پیدل سفر جاری رکھنا مشکل بنا سکتے ہیں۔
اسی لیے سفارش کی جاتی ہے کہ زائرین سفر سے پہلے آرام دہ، مناسب سائز کے اور پسینہ جذب کرنے والے جوتے خریدیں اور روانگی سے کافی پہلے انہیں پہننا شروع کر دیں تاکہ پاؤں ان کے عادی ہو جائیں۔
اسی طرح موٹی جرابوں کا استعمال، روزانہ جرابیں تبدیل کرنا یا دھونا، انگلیوں پر اینٹی الرجی ٹیپ لگانا اور جن مقامات پر چھالے پڑنے کا امکان ہو وہاں روئی رکھنا بھی مؤثر حفاظتی تدابیر میں شامل ہے۔
دورانِ سفر وقفے وقفے سے آرام کرنا، پاؤں کی مالش کرنا اور انہیں ٹھنڈے پانی سے دھونا بھی چھالوں سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اگر اس کے باوجود چھالے پڑ جائیں اور زِنک آکسائیڈ، ٹیٹراسائکلین یا موپیروسین جیسی مرہم دستیاب نہ ہوں تو فوری اور درست ابتدائی علاج ضروری ہے۔
سب سے پہلے پیدل چلنا روک دیا جائے تاکہ مزید رگڑ سے چھالا نہ پھٹے اور زخم یا انفیکشن کا خطرہ پیدا نہ ہو۔
علاج کے لیے پہلے چھالے والی جگہ کو اچھی طرح دھو کر خشک کریں، پھر جراثیم سے پاک سوئی کے ذریعے چھالے کے کنارے سے سوراخ کر کے اس میں موجود رطوبت خارج کر دیں۔
اس دوران اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ چھالے کی اوپری جلد کو نہ اتارا جائے، بلکہ اسے اپنی جگہ رہنے دیا جائے اور بعد ازاں زخم پر مناسب پٹی باندھ دی جائے۔
ماہرین زائرین کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اپنے ساتھ نرم چپل کا ایک جوڑا ضرور رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر اس سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
البتہ بعض صورتوں میں فوری طور پر طبی عملے سے رجوع کرنا ضروری ہے۔
ناخن کے نیچے بننے والے چھالے، پانچ ملی میٹر سے بڑے چھالے، یا وہ چھالے جن میں دو دن گزرنے کے باوجود بہتری نہ آئے اور ان میں پیپ، شدید سرخی، گرمی یا شدید درد جیسی علامات ظاہر ہوں، ان کا معائنہ لازماً اربعین کے راستے میں موجود طبی مراکز یا طبی عملے سے کرایا جائے اور ایسے معاملات میں خود علاج سے گریز کیا جائے۔
ماہرین کے مطابق ان احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے زائرین نہ صرف اپنے پاؤں کو محفوظ رکھ سکتے ہیں بلکہ اس عظیم روحانی اجتماع میں صحت و سلامتی کے ساتھ اپنی حاضری کو بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔




