حرمِ امام حسین علیہ السلام کے بابُ القبلہ سرداب کے ایک حصے کا افتتاح
حرمِ امام حسین علیہ السلام کے بابُ القبلہ سرداب کے ایک حصے کا افتتاح
زیارتِ اربعین کے عظیم الشان اجتماع سے قبل، حرمِ مطہر امام حسین علیہ السلام کے باب القبلہ سرداب کے عظیم منصوبے کے ایک حصہ کا افتتاح کر دیا گیا، تاکہ زائرین کی خدمت، سہولت اور پذیرائی کے لئے مزید وسیع اور آرام دہ جگہیں فراہم کی جا سکیں۔
اس منصوبے کا کل رقبہ 4 ہزار مربع میٹر ہے، جس میں سے ایک ہزار مربع میٹر پر مشتمل حصہ مکمل کرکے زائرین کے استعمال اور آرام کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارہ نون الخبریہ کے مطابق، یہ سرداب حرمِ مطہر کے صحن میں نمازِ جماعت کے محراب کے عین نیچے واقع ہے۔ اس کی تعمیر کا مقصد خصوصاً ایامِ اربعین کے دوران زائرین کے غیر معمولی ہجوم کے پیشِ نظر سرپوشیدہ مقامات میں اضافہ کرنا اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
اس جدید سرداب کو جدید ترین سرمائشی نظام، مرکزی ایئر کنڈیشن، موثر نظام ہواداری (وینٹیلیشن) اور جدید روشنی کے انتظامات سے آراستہ کیا گیا ہے، تاکہ گرمی کے موسم میں زائرینِ اربعین کو زیادہ سے زیادہ آرام، سکون اور بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔




