اربعینِ حسینی کے لئے سکیورٹی منصوبے کا باقاعدہ آغاز، کربلائے معلیٰ جانے والے راستوں پر موکبوں کے قیام کا سلسلہ تیز

زیارتِ اربعین کے عظیم الشان اجتماع کے قریب آتے ہی عراق کے سکیورٹی اور امدادی اداروں نے زائرین کے تحفظ اور خدمت کے لئے اپنی تمام تر انتظامی و عملی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
اسی سلسلہ میں اربعینِ حسینی کے جامع سکیورٹی منصوبے کا باضابطہ نفاذ شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ حسینی موکبوں کی جانب سے صوبۂ کربلا کی طرف جانے والی شاہراہوں پر خدمت گاہوں اور استقبالیہ مراکز کے قیام کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے، تاکہ لاکھوں زائرین کے استقبال اور خدمت کے لئے ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

خبر رساں ادارہ شفق نیوز کے مطابق، عراق کی مشترکہ آپریشنز کمانڈ نے سکیورٹی اور خدماتی اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور دانشمندانہ انتظام کو یقینی بنانے کے لئے اس منصوبے کے خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کیا ہے، جس کی نگرانی لیفٹیننٹ جنرل قیس المحمداوی کر رہے ہیں۔
یہ مرکزی کنٹرول سینٹر زمینی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی، زائرین کے قافلوں کی آمد و رفت کو منظم اور ہموار بنانے، نیز سرحدوں اور مواصلاتی شاہراہوں پر انٹیلی جنس اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کا ذمہ دار ہوگا۔
عراقی حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے کئے گئے یہ وسیع انتظامات اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ ملک کے اندر اور بیرونِ ملک سے آنے والے لاکھوں زائرین پُرامن، محفوظ اور اطمینان بخش ماحول میں زیارتِ اربعین کی روحانی سعادت حاصل کر سکیں۔




