پاکستان بھر میں اسیرانِ کربلا کی یاد میں مجالسِ عزا اور جلوسوں کا سلسلہ جاری

ماہِ صفر کے ایام میں پاکستان بھر کے شیعہ نشین علاقوں میں اسیرانِ کربلا حضرت زینب سلام اللہ علیہا و اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کی یاد میں عزاداری کا سلسلہ عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے۔
کراچی، لاہور، کوئٹہ، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں، قصبات اور دیہاتوں میں بڑی تعداد میں مجالسِ عزا منعقد ہو رہی ہیں، جبکہ جلوس ہائے عزا بھی برآمد کیے جا رہے ہیں۔ عزادار ماتمی سنگتوں کی صورت میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کے ذریعہ شہدائے کربلا اور اسیرانِ اہلِ بیت علیہم السلام کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
اس موقع پر علماء و ذاکرین مجالس میں واقعۂ کربلا کے پیغام، صبرِ زینبیؑ اور اہلِ بیت علیہم السلام کی عظیم قربانیوں کو بیان کر رہے ہیں۔
خواتین کی مجالسِ عزا بھی ملک کے مختلف علاقوں میں جاری ہیں، جن میں خواتین بڑی تعداد میں شریک ہو کر خاندانِ رسالتؐ سے اپنی عقیدت و وفاداری کا اظہار کر رہی ہیں۔
ماہِ صفر کی یہ عزاداریاں پاکستان میں شعائرِ حسینیؑ کی مضبوط اور زندہ روایت کی عکاس ہیں۔




