تصویری رپورٹ: اربعینِ حسینیؑ کے پیدل راستوں پر شعائرِ حسینی اور خونِ شہدائے کربلا کی یاد تازہ کرنے والے پرچموں اور علموں کی دلکش جھلکیاں
تصویری رپورٹ: اربعینِ حسینیؑ کے پیدل راستوں پر شعائرِ حسینی اور خونِ شہدائے کربلا کی یاد تازہ کرنے والے پرچموں اور علموں کی دلکش جھلکیاں
کربلائے معلیٰ کی جانب جانے والے پیدل راستے ان دنوں زائرانِ اہلِ بیت علیہم السلام کی عقیدت، ثقافتی تنوع اور دینی وابستگی کا ایک عظیم منظر پیش کر رہے ہیں۔
لاکھوں زائرین کے ہجوم کے درمیان ائمۂ اطہار علیہم السلام اور شہدائے کربلا کے مبارک ناموں سے مزین رنگا رنگ پرچم، علم اور شعائر اس روحانی سفر کو مزید پرنور اور پُرمعنویت بنا رہے ہیں۔
زائرین ان مقدس پرچموں کو اٹھا کر نہ صرف اہلِ بیت علیہم السلام سے اپنی والہانہ محبت اور وفاداری کا اظہار کرتے ہیں بلکہ حضرت ولیِ عصر امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہورِ پُرنور اور شہدائے نینوا کے حقیقی منتقم کی آمد کی دعا اور آرزو کو بھی اپنے دلوں میں تازہ رکھتے ہیں۔
خبر رساں ویب سائٹ "مڈل ایسٹ نیوز” کے مطابق، اربعین کے مرکزی راستوں سے جاری ہونے والی تصاویر میں مختلف ممالک کے قومی پرچموں کے ساتھ یہ متبرک علم اور پرچم بھی بڑی شان سے لہراتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
زائرین ظہورِ امامِ زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی دعاؤں اور لبیک یا حسینؑ کی صداؤں کے ساتھ اس عظیم انسانی اجتماع کو ائمۂ اطہار علیہم السلام سے اپنی گہری وابستگی اور شہدائے کربلا کے مقدس مشن سے تجدیدِ عہد کی علامت قرار دیتے ہیں۔
یہ تصویری رپورٹ اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ اربعین کے راستوں پر نصب اور بلند کیے جانے والے یہ پرچم مختلف زبانوں، قومیتوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے زائرین کے درمیان ایک مشترکہ روحانی زبان بن چکے ہیں، جو نہ صرف اربعینِ حسینیؑ کے عالمی پیغام کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ شہدائے کربلا کے خون کے حقیقی انتقام کے دن، یعنی ظہورِ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، کی آرزو اور انتظار کو بھی نمایاں کرتے ہیں۔




