ہندوستان

انہدامِ جنت البقیع کی یاد میں بیت المال لکھنو کا سالانہ عشرہ، عزاداری میں ہزاروں مومنین کی شرکت

لکھنو: جنت البقیع مدینہ منورہ کی المناک انہدام کی یاد میں لکھنو کے تاریخی امام باڑہ جھاؤ لال (بیت المال)، ٹھاکر گنج میں ہر سال کی طرح ماہِ صفر کے پہلے اتوار کو "بیت المال کا عشرہ” نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس سال 19 جولائی 2026ء، مطابق 4 صفر 1448ھ کو منعقد ہونے والی اس تاریخی عزاداری میں شہر کی مختلف انجمن ہائے ماتمی، علمائے کرام اور بڑی تعداد میں مومنین و مومنات نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ 8 شوال 1344ھ کو آلِ سعود نے مدینہ منورہ میں واقع جنت البقیع کو منہدم کر دیا تھا۔ اس افسوس ناک سانحے کی خبر یکم صفر 1345ھ کو لکھنو پہنچی۔ اس وقت لکھنو کے امامِ جمعہ، عمدۃ العلماء مولانا سید کلب حسین نقوی (کبن صاحب) طاب ثراہ نے اس اقدام کے خلاف بھرپور احتجاج کا اعلان کیا۔

مولانا مرحوم نے امام باڑہ غفرانمآب، چوک سے امام باڑہ جھاؤ لال (بیت المال)، ٹھاکر گنج تک احتجاجی جلوس نکالنے کا اعلان کیا۔ اگرچہ اس وقت کی برطانوی حکومت نے اس جلوس کی مخالفت کی، لیکن مولانا سید کلب حسین نقوی اپنے اعلان پر ثابت قدم رہے۔ وہ خود علمِ مبارک اٹھا کر جلوس کی قیادت کے لئے نکلے، اور ان کے ساتھ ہزاروں مومنین بھی سڑکوں پر نکل آئے۔

اسی تاریخی احتجاج کی یاد کو زندہ رکھنے کے لئے اُس وقت سے آج تک ہر سال ماہِ صفر کے پہلے اتوار کو امام باڑہ جھاؤ لال (بیت المال) میں "بیت المال کا عشرہ” منعقد کیا جاتا ہے، جو لکھنو کی عزاداری کی قدیم اور نمایاں روایات میں شمار ہوتا ہے۔

امسال بھی اس موقع پر مختلف انجمن ہائے ماتمی نے علم ہائے مبارک برآمد کئے، نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی، جبکہ عزاداری کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں محبانِ اہل بیت علیہم السلام نے شرکت کرکے ائمۂ بقیع علیہم السلام کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور جنت البقیع کی تعمیرِ نو کے مطالبہ کا اعادہ کیا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button