سیاسی شعور کی تشکیل میں تحریک عاشورا کے کردار
کربلا میں مرکز المستقبل کے علمی اجلاس میں "سیاسی شعور کی تشکیل میں تحریک عاشورا کے کردار” پر غور
کربلائے معلیٰ میں مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی سے وابستہ مرکز الدراسات الاستراتيجية المستقبل نے مؤسسۂ ثقافتی و ابلاغی النبأ کے ہیڈکوارٹر میں "عاشورا اور سیاسی شعور کی تشکیل؛ تصورِ اقتدار سے اقتدارِ فکر تک” کے عنوان سے ایک علمی و فکری نشست کا انعقاد کیا۔
اس نشست میں تحقیقی مراکز کے سربراہان، یونیورسٹیز کے اساتذہ، محققین اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرکز المستقبل کے محقق استاد حیدر عبدالستار الاجودی نے اس موضوع پر اپنا علمی مقالہ پیش کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی تحریک کو محض ایک تاریخی واقعہ یا کسی مخصوص زمانے اور مقام تک محدود حادثہ نہیں سمجھا جا سکتا، بلکہ یہ ایک ایسی عظیم تحریک ہے جس نے سیاسی، انسانی اور اسلامی فکر میں بنیادی تبدیلی پیدا کی اور تاریخ کا رخ موڑ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ "اقتدارِ فکر” کے تصور کے مطابق تحریک عاشورا نے معاشرے کو جبر، خوف اور تسلط پر مبنی طرزِ حکمرانی سے نکال کر اخلاقی اقدار، عدل اور انسانی کرامت پر مبنی نظام کی طرف رہنمائی کی، اور یوں مختلف معاشروں میں سیاسی شعور کی تشکیل کے لئے ایک دائمی اور مثالی نمونہ پیش کیا۔




