برطانیہ میں انتہا پسند دائیں بازو کے 12 افراد دہشت گردی کی سازش کے الزام میں گرفتار، سفوک میں مسلمانوں کے بڑے اجتماع کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی ناکام
برطانیہ میں انتہا پسند دائیں بازو کے 12 افراد دہشت گردی کی سازش کے الزام میں گرفتار، سفوک میں مسلمانوں کے بڑے اجتماع کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی ناکام
برطانوی پولیس نے دائیں بازو کے ایک انتہا پسند گروہ کے 12 افراد کو گرفتار کیا ہے، جن پر مشرقی انگلینڈ کے علاقے سفوک میں منعقد ہونے والے ایک بڑے اسلامی اجتماع پر دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔
یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب مذہبی اجتماع "اجتماع” کو موصول ہونے والی سنگین دہشت گردانہ دھمکیوں کے پیشِ نظر، سیکیورٹی اداروں کی سفارش پر مقررہ وقت سے قبل منسوخ کر دیا گیا۔ اس اجتماع میں تقریباً 15 ہزار مسلمانوں کی شرکت متوقع تھی۔
گرفتار ہونے والے ملزمان کی عمریں 27 سے 82 سال کے درمیان ہیں، جن میں 11 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ ان میں سے چار افراد قتل کی سازش کے الزام میں زیرِ تفتیش ہیں۔
خبر رساں ویب سائٹ عربی 21 کے مطابق، یہ مذہبی اجتماع سفوک کے ایک دیہی علاقے میں منعقد ہونا تھا۔
ادھر الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں عمل میں آئی ہیں جب برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم اور نسلی کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
جسے دائیں بازو کی بعض عوام پسند جماعتوں کی اشتعال انگیز سیاست سے تقویت مل رہی ہے۔
برطانوی حکام کے مطابق، لندن کی انسدادِ دہشت گردی فورس کی بروقت کارروائی نے اس خطرناک سازش کو ناکام بنا کر ایک بڑے انسانی سانحے کو رونما ہونے سے روک دیا۔




