برطانیہ میں شدید گرمی، جنگلاتی آگ کا خطرہ بڑھ گیا؛ کئی علاقوں میں ہائی الرٹ

برطانیہ میں جاری شدید گرمی اور مسلسل خشک موسم کے باعث جنگلات اور گھاس کے میدانوں میں آگ لگنے کا خطرہ غیر معمولی حد تک بڑھ گیا ہے۔ حکام نے جنوبی برطانیہ، مڈلینڈز اور دیگر متاثرہ علاقوں میں فائر رسک کی سطح بلند قرار دیتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
گزشتہ چند دنوں کے دوران ڈربی شائر، لندن، ایسٹ سسیکس، ویسٹ سسیکس اور نارتھ ویلز سمیت مختلف علاقوں میں جنگلات اور گھاس کے میدانوں میں آگ لگنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ نارتھ ویلز میں کونوی ماؤنٹین کے قریب آگ پھیلنے کے بعد ہنگامی اقدامات کیے گئے، جبکہ بعض رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم، خشک اور دھوپ والا رہنے کا امکان ہے، جبکہ کئی مقامات پر درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر سکتا ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ خشک موسم میں معمولی سی لاپرواہی بھی بڑے پیمانے پر آگ کا سبب بن سکتی ہے۔
نیشنل فائر چیفس کونسل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کھلے مقامات پر ڈسپوزایبل باربی کیو، جلتی ہوئی سگریٹ یا شیشے کی بوتلیں نہ چھوڑیں اور گرمی کے دوران بیرونی سرگرمیوں میں احتیاط برتیں۔




