اربعین 1448 ہجری مشی کی براہِ راست نشریات کا آغاز

امام حسین علیہ السلام میڈیا نیٹ ورک نے لاکھوں زائرین کی عظیم الشان اربعین پیدل زیارت (مشایۂ اربعین) کے آغاز کے ساتھ ہی اتوار، 11 جولائی 2026 عیسوی سے اس روح پرور اجتماع کی براہِ راست، جامع اور کثیر لسانی کوریج کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ اس بے مثال حسینی اجتماع کی روحانی فضا دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچائی جا سکے۔
شیعہ نیوز کے مطابق، صوبۂ بصرہ سے زائرین کی روانگی کی براہِ راست نشریات روزانہ دو اوقات میں نشر کی جائیں گی۔ پہلا مرحلہ صبح 5:00 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک اور دوسرا مرحلہ شام 5:00 بجے سے رات 12:00 بجے تک (بوقتِ کربلائے معلیٰ) جاری رہے گا۔ یہ نشریات امام حسین علیہ السلام میڈیا نیٹ ورک کے تمام مختلف زبانوں میں نشر ہونے والے چینلز پر براہِ راست پیش کی جائیں گی۔
نیٹ ورک نے مزید اعلان کیا ہے کہ ماہِ صفر کے آغاز کے ساتھ ہی، جب پیدل زائرین کی تعداد اور سفر کے راستوں میں وسعت آئے گی، تو براہِ راست کوریج کا دائرہ بھی بڑھا دیا جائے گا۔
اس مرحلے میں دیگر اہم شاہراہوں، خصوصاً سرحدِ مہران سے کربلائے معلیٰ تک کے پیدل سفر کو بھی براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

یہ وسیع میڈیا منصوبہ دنیا بھر کے محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کو ایک دوسرے سے جوڑنے اور زیارتِ اربعین کے عشق، شعور اور حسینی پیغام کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے مقصد سے ترتیب دیا گیا ہے۔
امام حسین علیہ السلام میڈیا نیٹ ورک کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے ذرائع ابلاغ کو مطلع کیا ہے کہ اربعین کی براہِ راست نشریات کی مفت کلین فیڈ (Clean Feed) حاصل کرنے کے خواہش مند میڈیا ادارے اس سلسلہ میں نیٹ ورک سے براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔




