ہندوستان :”نظام پر اعتماد نہیں؟” پیپر لیک کے سائے میں مرکزی وزراء کے 15 بچے بیرونِ ملک یونیورسٹیوں میں
ہندوستان :”نظام پر اعتماد نہیں؟” پیپر لیک کے سائے میں مرکزی وزراء کے 15 بچے بیرونِ ملک یونیورسٹیوں میں
ہندوستان میں NEET سمیت دیگر امتحانات میں بار بار پیپر لیک کے واقعات کے بیچ ایک رپورٹ نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ویب سائٹ ‘اسکرول’ کے تجزیے کے مطابق مودی کابینہ کے 30 وزراء میں سے 21 وزراء کے 18 سے 35 سال کی عمر کے بچوں میں سے 15 بچے یا تو بیرونِ ملک کی جامعات سے فارغ التحصیل ہیں یا وہاں زیرِ تعلیم ہیں۔
تجزیے کے مطابق وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر کے بیٹے نے نیویارک یونیورسٹی، وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن کی بیٹی نے نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی، وزیرِ تجارت پیوش گوئل کے بچوں نے ہارورڈ، آکسفورڈ اور سان ڈیاگو، وزیرِ ریل اشونی ویشنو کے دونوں بچوں نے برطانیہ، اور وزیرِ صحت جے پی نڈا کے بیٹے نے یونیورسٹی آف لندن سے تعلیم حاصل کی۔
اس پر ردِ عمل دیتے ہوئے تعلیمی کارکن انیل کمار رائے نے کہا "ہر سال پیپر لیک ہوتے ہیں، کوئی ہندوستانی نظام پر بھروسہ کیوں کرے گا؟ وزراء خود اپنے بچوں کو بیرونِ ملک بھیجتے ہیں کیونکہ انہیں خود اس نظام پر اعتماد نہیں ہے”۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے طلبہ و تنظیمیں NEET پیپر لیک پر وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے جنتر منتر پر احتجاج کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2001 میں 22 لاکھ ہندوستانی طلبہ بیرونِ ملک پڑھ رہے تھے جو 2022 تک بڑھ کر 69 لاکھ ہو گئے ہیں۔




