فرانس کی مساجد نے گرمی کی شدت سے شہریوں کو بچانے کے لئے اپنے دروازے کھول دیے؛ پیرس میں مسلمانوں کا انسانیت دوست اقدام
فرانس کی مساجد نے گرمی کی شدت سے شہریوں کو بچانے کے لئے اپنے دروازے کھول دیے؛ پیرس میں مسلمانوں کا انسانیت دوست اقدام
فرانس میں غیر معمولی گرمی کی شدید لہر کے پیشِ نظر ملک کی مساجد نے ایک قابلِ تحسین اور انسانیت دوست اقدام کرتے ہوئے اپنے دروازے تمام شہریوں کے لئے کھول دیے ہیں، تاکہ لوگ گرمی کی شدت سے بچنے کے لئے ٹھنڈی اور محفوظ پناہ گاہ حاصل کر سکیں۔
یہ منصوبہ بزرگوں، مزدوروں، راہگیروں اور بے گھر افراد کی مدد کے مقصد سے شروع کیا گیا۔ اس کا آغاز پہلی بار پیرس کے مشرقی مضافاتی علاقہ مونتروئی میں کیا گیا، جہاں مساجد کے شبستانوں کو جدید کولنگ سسٹم سے آراستہ کیا گیا اور آنے والے افراد کے لیے ٹھنڈا پانی اور کھجور کا بھی انتظام کیا گیا۔
شوریٰ نیوز (یورپ کی مسلم برادری کی مذہبی خبر رساں ایجنسی) کے مطابق، مونتروئی کی مسلم کونسل کے صدر حسن ہرموز نے کہا کہ یہ خدمات کسی بھی مذہبی امتیاز کے بغیر تمام فرانسیسی شہریوں کو فراہم کی جا رہی ہیں۔
ان کے بقول، یہ اقدام سماجی یکجہتی، باہمی ہمدردی اور انسانی خدمت کے جذبے کی حقیقی ترجمانی کرتا ہے۔




