نجف اشرف میں سائبر بلیک میلنگ کی روک تھام اور بدعنوانی کے خلاف جدوجہد پر تخصصی نشستوں کا انعقاد
نجف اشرف میں سائبر بلیک میلنگ کی روک تھام اور بدعنوانی کے خلاف جدوجہد پر تخصصی نشستوں کا انعقاد
شہرِ مقدس نجف اشرف میں مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی سے وابستہ مرکز مطالعاتِ راہبردی نجف اشرف کے تعاون سے سائبر بلیک میلنگ کی روک تھام اور بدعنوانی کے خلاف جدوجہد کے موضوعات پر دو تخصصی نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔
پہلی نشست میں مؤسسہ "بریق الشمس” نے "سائبر بلیک میلنگ سے قانونی طور پر نمٹنا؛ ڈیجیٹل فنگر پرنٹ، محفوظ زندگی کی راہ” کے عنوان سے ایک آگاہی پروگرام منعقد کیا۔
اس نشست میں نجف اشرف پولیس کمانڈ کے شعبۂ اطلاعات کے ڈائریکٹر کرنل مفید طاہر اور ماہرِ قانون و وکیل حسنین الیاسری نے سائبر جرائم کے قانونی اور سیکیورٹی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور انٹرنیٹ کے ذریعہ ہونے والی بلیک میلنگ سے نمٹنے کے مؤثر قانونی و عملی طریقۂ کار پر تفصیلی گفتگو کی۔
اسی طرح اکیڈمی برائے سیاسی ترقی و حکمرانی "الرشید” نے مرکز مطالعاتِ راہبردی نجف اشرف کے اشتراک سے "لوٹی گئی املاک کی واپسی؛ قانونی فریم ورک، عملی رکاوٹیں اور ان اموال سے استفادے کے امکانات” کے عنوان سے ایک اور تخصصی نشست کا انعقاد کیا۔
یہ نشست عراق کی سیاسی اور اقتصادی صورتِ حال کے تجزیہ اور اس سے متعلق حقائق کا جائزہ لینے کے لئے منعقد ہونے والی تخصصی نشستوں کے سلسلے کی ایک کڑی تھی۔
اس پروگرام میں کوفہ یونیورسٹی کے شعبۂ سول سوسائٹی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ضرغام خالد ابوکلل اور قانونی ماہر استاد ضرغام العیساوی نے اپنے علمی و تحقیقی نظریات اور آراء پیش کیں۔




