مقامِ تلِ زینبیہ کربلائے معلیٰ میں برسوں کی تعمیر و توسیع کے بعد افتتاح

کربلائے معلیٰ میں واقع مقامِ تلِ زینبیہ، جو روزِ عاشورا حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے قیام اور میدانِ کربلا کے المناک واقعات کے مشاہدے کی یادگار جگہ ہے، کئی برسوں پر محیط تعمیر و توسیع کے منصوبے کے بعد زائرین کے لئے باقاعدہ طور پر کھول دیا گیا ہے۔
تلِ زینبیہ وہ مقدس مقام ہے جہاں روایت کے مطابق حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے عاشورا کے دن کھڑے ہو کر میدانِ کربلا کے حالات کا مشاہدہ فرمایا تھا۔ اپنی تاریخی، روحانی اور معنوی اہمیت کے باعث یہ مقام ہمیشہ اہلِ بیت علیہم السلام کے محبین اور زائرین کی عقیدت کا مرکز رہا ہے۔
صحنِ حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی توسیع اور لاکھوں زائرین کے لئے بہتر زیارتی سہولیات کی فراہمی کے پیشِ نظر تلِ زینبیہ کی قدیم عمارت کو منہدم کر کے ایک جدید اور وسیع تعمیراتی منصوبہ شروع کیا گیا۔ ایرانی انجینئروں اور ماہر فن تعمیر کی کاوشوں سے اس مقام پر چار منزلہ نئی عمارت تعمیر کی گئی ہے، جس میں دو منزلیں زیرِ زمین اور دو منزلیں زمین کی سطح پر واقع ہیں۔ اس منصوبے کا مجموعی رقبہ 4 ہزار 400 مربع میٹر ہے۔
نئے ڈیزائن کے تحت تلِ زینبیہ پر 11 میٹر سے زائد بلند گنبد تعمیر کیا گیا ہے، تاہم اس کی بلندی اس انداز سے رکھی گئی ہے کہ وہ روضۂ مبارک امام حسین علیہ السلام کے گنبدِ اقدس سے بلند نہ ہو۔
گزشتہ سال اربعین کے موقع پر اس مقدس مقام کا ایک حصہ محدود پیمانے پر زائرین کے لئے کھولا گیا تھا، جبکہ رواں سال اربعین کی آمد سے قبل تمام تعمیراتی اور تزئینی مراحل مکمل کر لئے گئے ہیں اور مقام مکمل طور پر زائرین کی خدمت کے لئے تیار ہے۔
اس موقع پر مقامِ تلِ زینبیہ کو دھو کر پاکیزہ کیا گیا اور آستانۂ مقدس حسینی کے خدام نے اسے نئے فرشوں سے آراستہ کیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ تلِ زینبیہ کی سابقہ عمارت صرف ایک منزل پر مشتمل تھی اور اس کا رقبہ محض 380 مربع میٹر تھا، جس کے باعث زائرین کے لئے گنجائش محدود تھی۔ نئی تعمیر کے بعد اس مقدس مقام کی وسعت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے لاکھوں زائرین باآسانی استفادہ کر سکیں گے۔
آستانۂ مقدس حسینی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد اور انتظامی سہولت کے پیشِ نظر 7 محرم الحرام سے 13 محرم الحرام تک مقامِ تلِ زینبیہ کے دروازے صرف زائرہ خواتین کے لئے کھلے رہیں گے۔




