
جموں و کشمیر میں چھٹی محرم الحرام کے موقع پر انجمن شرعی شیعیان کے زیرِ اہتمام وادی کے مختلف علاقوں میں جلوس ہائے عزا اور علمِ شریف کے جلوس برآمد کیے گئے، جن میں دسیوں ہزار عزاداروں نے شرکت کی۔ زوری گنڈ بڈگام سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس امام باڑہ بڈگام میں اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پر مولانا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے خطاب کرتے ہوئے واقعۂ کربلا کے اغراض و مقاصد اور پیغامِ عاشورا کی عالمگیر اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کربلا حق و باطل کے درمیان ابدی معرکہ ہے اور شہدائے کربلا سے حقیقی محبت کا تقاضا اسلامی تعلیمات اور حدودِ شریعت پر عمل کرنا ہے۔




