غدیر کے ساتھ
"غدیر کے ساتھ” عنوان سے خیمۂ غدیر کا انعقاد، علماء کی تقاریر اور طلاب کے تعلیمی مظاہرے پیش
لکھنو۔ دار القرآن سیدہ سلطانہ مرحومہ کی جانب سے حسینیہ قائمہ خاتون، سجاد باغ کالونی، لکھنو میں عیدِ غدیر کی مناسبت سے "غدیر کے ساتھ” کے عنوان سے ایک پروقار خیمۂ غدیر منعقد کیا گیا، جس میں علماء کرام، طلاب اور مومنینِ کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد علماء کرام نے واقعۂ غدیر، ولایتِ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی اہمیت اور معاشرے میں پیغامِ غدیر کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ غدیر صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ اسلام کے نظامِ ہدایت اور قیادت کا بنیادی ستون ہے۔
اس موقع پر دار القرآن سیدہ سلطانہ مرحومہ کے طلاب نے مختلف تعلیمی و تربیتی مظاہرے پیش کئے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ بچوں اور نوجوانوں نے اپنے فنّی و علمی مظاہروں کے ذریعہ غدیر کے پیغام کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔
یہ بابرکت جشن مولانا عقیل عباس معروفی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے عیدِ غدیر کی معنویت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غدیر کا پیغام اتحاد، ولایت اور دینی ذمہ داریوں کی پاسداری کا درس دیتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر حاضرین نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کے علمی و دینی پروگراموں کا انعقاد ہوتا رہے گا تاکہ نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور مکتبِ اہل بیتؑ سے مزید آگاہی حاصل ہو سکے۔



