امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی ولادت: تاریخی شواہد اور قرائن کی روشنی میں
امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی ولادت: تاریخی شواہد اور قرائن کی روشنی میں
ائمہ اطہار علیہم السلام کی ولادت اور شہادت کے ایام اہلِ محبت و عقیدت کے لئے ایک اہم موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ خوشی و سوگواری کے ذریعہ اپنی عقیدت و وابستگی کا اظہار کریں۔
بعض معصومین علیہم السلام کی ولادت یا شہادت کے دقیق اور قطعی تاریخی ایام اس لئے پوری طرح محفوظ نہیں رہے کہ اس دور میں سیاسی دباؤ، تقیہ، اور ثقافتی حالات کی وجہ سے تفصیلات کو بیان کرنا ممکن نہ تھا۔ تاہم مختلف روایات میں ایسے نقل موجود ہیں جن کی بنیاد پر ان ایام کا تعین کیا جاتا ہے۔
مثلاً حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ شہادت کے بارے میں متعدد اقوال ملتے ہیں، جن میں تین مشہور روایات پائی جاتی ہیں اور دو دیگر اقوال بھی شامل ہیں۔
اسی طرح بلا شک و تردید امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام سن 50 ہجری میں 48 برس کی عمر میں حاکم شام کے منصوبے کے تحت زہر دے کر شہید کئے گئے۔ لیکن اس میں اختلاف پایا جاتا ہے کہ آپ کی شہادت 7 صفر کو ہوئی یا 28 صفر کو۔
(واضح رہے کہ زمانہ قدیم سے نجف اشرف اور قم مقدس میں 7 صفر کو امام حسن مجتبی علیہ السلام کی شہادت منائی جاتی ہے، علماء اعلام اور مراجع کرام کی نگرانی میں امام حسن مجتبی علیہ السلام کی شہادت کے عنوان سے مجالس عزا برپا ہوتی ہیں اور جلوس برآمد ہوتے ہیں۔)
جہاں تک امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی ولادت کا تعلق ہے، اس بارے میں بھی 2 تاریخ نقل ہوئی ہیں۔ 20 ذی الحجہ اور 7 صفر۔
تاہم روایات سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ امام موسی کاظم علیہ السلام کی ولادت کے بارے میں صرف سال اور مقام کا ذکر زیادہ معتبر انداز میں ملتا ہے، جبکہ دقیق تاریخ میں اختلاف پایا جاتا ہے۔
احمد بن خالد برقی نے المحاسن میں، شیخ کلینی نے الکافی میں، محمد بن حسن صفار نے بصائر الدرجات میں اور بعض دیگر مصادر میں امام جعفر صادق علیہ السلام سے منقول ہے کہ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی ولادت با سعادت ایام حج کے بعد مقام ابواء میں ہوئی۔
امام موسیٰ کاظم علیہ السلام امام جعفر صادق علیہ السلام کے حج سے واپسی کے دوران مقام ابواء میں پیدا ہوئے۔ محمد بن جریر طبری کی ایک روایت کے مطابق، امام حسن عسکری علیہ السلام سے منقول ہے کہ امام کاظم علیہ السلام کی ولادت ابواء میں، مکہ اور مدینہ کے درمیان، ماہِ ذی الحجہ میں ہوئی۔ جبکہ بعض منابع میں آپ کی ولادت کا دن 7 صفر بتایا گیا ہے۔
*وہ مآخذ اور علماء جن کے نزدیک امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی 7 صفر کو ولادت قرار دینے والی روایت کمزور اور قابلِ اعتماد نہیں ہے۔*
شہید اول رضوان اللہ تعالی علیہ اور شیخ محمد حسن نجفی رضوان اللہ تعالی علیہ کے نزدیک امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی ولادت 7 صفر کو ہونا بعید معلوم ہوتا ہے۔
جو بات واضح ہے وہ یہ ہے کہ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی ولادت مقام ابواء میں ہوئی، لیکن اس کے لئے کوئی قطعی تاریخ نقل نہیں کی گئی۔ البتہ بعض روایات میں 7 صفر کا ذکر ملتا ہے، جو تاریخی شواہد اور قرائن کے مطابق نہیں معلوم ہوتا۔
دستیاب مستندات اور تاریخی تخمینوں کی بنیاد پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی ولادت 20 ذی الحجہ کو ہوئی تھی۔ لہٰذا مناسب ہے کہ اس دن کو آپؑ کے فضائل، مناقب اور سیرتِ مبارکہ کے بیان و ترویج کے لئے خاص اہمیت دی جائے۔




