پورے ہندوستان میں عیدِ غدیر عقیدت، جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

ہندوستان بھر میں عیدِ سعید غدیر انتہائی عقیدت، مذہبی جوش و خروش اور روحانی ماحول میں منائی گئی۔
ممبئی، لکھنؤ، حیدرآباد، دہلی، گھوسی اور دیگر شیعہ نشین علاقوں میں اس موقع پر مختلف مذہبی اور ثقافتی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا۔
عیدِ غدیر کے موقع پر مؤمنین نے خصوصی اعمالِ عید انجام دیے، مساجد، امام بارگاہوں اور دینی مراکز میں نماز، دعا، ذکر و مناجات اور مجالسِ فضائلِ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام منعقد ہوئیں۔
مختلف شہروں میں جلوسِ مسرت نکالے گئے جن میں عاشقانِ اہلِ بیت علیہم السلام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلوسوں میں عیدِ غدیر کی مناسبت سے نعرۂ حیدری اور منقبت خوانی کے ذریعہ امیر المومنین امام علی علیہ السلام سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر محافلِ منقبت، علمی و فکری نشستیں اور جشنِ ولایت کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں جن میں علماء کرام اور مقررین نے واقعۂ غدیر کی تاریخی، دینی اور اعتقادی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
مقررین نے غدیر کو اسلام میں ولایت، ہدایت، عدل اور انسانی اخوت کا عظیم پیغام قرار دیا۔
عیدِ غدیر کی تقریبات کے دوران مؤمنین نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی، نیاز و تبرک تقسیم کیا اور اہلِ بیت علیہم السلام سے اپنی محبت و وابستگی کا تجدیدِ عہد کیا۔
ملک کے مختلف علاقوں میں منعقد ہونے والی ان تقریبات نے عیدِ غدیر کی عظمت اور امتِ مسلمہ کے درمیان محبت، اخوت اور ولایتِ اہلِ بیت علیہم السلام کے پیغام کو اجاگر کیا۔




