شیعہ مرجعیت

تمام مؤمنین پر لازم ہے کہ قرآن، غدیر اور اہل بیت علیہم السلام کی ثقافت کو پوری دنیا تک پہنچانے میں کوئی کوتاہی نہ کریں: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

تمام مؤمنین پر لازم ہے کہ قرآن، غدیر اور اہل بیت علیہم السلام کی ثقافت کو پوری دنیا تک پہنچانے میں کوئی کوتاہی نہ کریں: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ نے اپنے ایک علمی اجلاس میں اس سوال کے جواب میں کہ ظہور کے وقت حضرت حجت عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف پوری دنیا کے لوگوں کو کیوں مخاطب فرمائیں گے، ارشاد فرمایا: "قرآنِ کریم سے لے کر رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، امیرالمؤمنین علیہ السلام، حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا اور تمام ائمۂ اطہار علیہم السلام تک، سب نے قرآن کی آیات اور روایات میں اپنی ہدایات اور سفارشات دنیا کے تمام انسانوں کے لئے بیان فرمائی ہیں۔”

معظم لہٰ نے مزید فرمایا: "قرآنِ کریم میں بارہا ‘یٰۤاَیُّہَا النَّاسُ’ کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں، اور ‘ناس’ سے مراد پوری انسانیت ہے، نہ کہ صرف شیعہ یا صرف مسلمان۔”

آپ نے واقعۂ غدیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: "روزِ غدیر اگرچہ وہاں صرف مسلمان موجود تھے، اس کے باوجود رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے خطبہ میں ‘معاشر الناس’ کے الفاظ استعمال فرمائے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کا خطاب صرف حاضرین تک محدود نہیں تھا بلکہ پوری انسانیت کے لیے تھا۔”

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے تاکید فرمائی: "لہٰذا قرآنِ کریم اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات اور احکام تمام انسانوں کے لیے ہیں۔ افسوس کہ بہت سے لوگ اس بات میں کوتاہی کرتے ہیں کہ یہ حقائق پوری انسانیت تک پہنچ سکیں۔ اسی لیے تمام مؤمنین پر لازم ہے کہ وہ قرآن کی ثقافت، غدیر کی ثقافت اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی نہ کریں۔”

معظم لہٰ نے مزید فرمایا: "اسی الٰہی سنت کی بنیاد پر حضرت حجت سلام اللہ علیہ ظہور کے وقت پوری دنیا کے انسانوں کو مخاطب فرمائیں گے اور اپنا عالمی پیغام تمام بشریت تک پہنچائیں گے۔”

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button