آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض کی وفات حسرت آیات

نجف اشرف کے جلیل القدر مرجعِ تقلید آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض آج بروز جمعرات 96 برس کی عمر میں بغداد کے ایک اسپتال میں علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے عالمِ تشیع میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض کا شمار عصرِ حاضر کے ممتاز مراجعِ عظام میں ہوتا تھا۔ آپ حوزہ علمیہ نجف اشرف کے مراجع اربعہ میں سے ایک تھے۔
انہوں نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام، علومِ اہل بیت علیہم السلام، تدریس، تحقیق اور امتِ مسلمہ کی رہنمائی کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ حوزۂ علمیہ نجف اشرف میں آپ کی علمی خدمات، فقہی تحقیقات اور ہزاروں علماء و طلبہ کی تربیت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
عالم تشیع ایک عظیم فقیہ، مدبر استاد اور روحانی رہنما سے محروم ہو گیا۔ آپ کی رحلت عالم اسلام خصوصا عالم تشیع کے لئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
اس موقع پر دنیا بھر کے علماء، دینی شخصیات اور مومنین کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے۔




