

روزِ عرفہ کے موقع پر دنیا بھر میں اہلِ بیت علیہم السلام کے ماننے والوں نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ دعائے عرفہ کی عظیم الشان مجالس منعقد کیں، جن میں لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کر کے بارگاہِ الٰہی میں دعا، استغفار اور مناجات کی۔
عراق، ایران، لبنان، پاکستان، ہندوستان، افغانستان، شام، خلیجی ممالک، یورپ، افریقہ اور شمالی امریکہ سمیت مختلف خطوں میں مساجد، امام بارگاہوں اور اسلامی مراکز میں دعائے عرفہ کے اجتماعات منعقد ہوئے۔
مومنین نے امام حسین علیہ السلام سے منقول دعائے عرفہ کی اجتماعی قرائت کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کی سلامتی، مشکلات کے خاتمہ اور ظہورِ امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔
شہرِ مقدس کربلا اور نجف میں لاکھوں زائرین نے روضۂ امام حسین علیہ السلام، روضۂ حضرت عباس علیہ السلام اور حرمِ امیرالمؤمنین علیہ السلام میں حاضری دے کر دعائے عرفہ ادا کی۔




