ہندوستان

تقوی کا تعلق کردار سے ہے: مولانا سید رضا حیدر زیدی

لکھنو۔ شاہی آصفی مسجد میں 22 مئی 2026 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ حضرت غفران مآب رحمۃ اللہ علیہ لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: تقوی کے 3 مراحل ہیں، پہلا مرحلہ گناہوں سے بچنا ہے، دوسرا مرحلہ شبہات سے پرہیز کرنا ہے اور تیسرا مرحلہ یہ ہے کہ ہر اس چیز سے دل کو بچانا جو انسان کو یاد خدا سے غافل کر دے۔ اور یہی تقوی کی معراج ہے۔

سورہ حجرات کی آیت 13 کے فقرہ "بےشک اللہ کے نزدیک تم میں سے زیادہ معزز و مکرم وہ ہے جو تم میں سے زیادہ پرہیزگار ہے۔” کو بیان کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: تقوی کا تعلق عہدہ، منصب، مال و دولت سے نہیں ہے بلکہ تقوی کا تعلق کردار سے ہے۔

سورہ بقرہ آیت 2 "قرآن ہدایت ہے متقین کے لئے” کو بیان کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: صرف قرآن پڑھ لینا کافی نہیں ہے، بلکہ تلاوت سے پہلے کردار سازی ضروری ہے۔ کیونکہ قرآن صاحبان تقوی کی ہدایت کرتا ہے۔

سورہ طلاق کی آیت 2 اور 3 "اور جو اللہ سے ڈرتا ہے، اللہ اُس کے لئے نجات کا راستہ بنا دیتا ہے، اور اُسے ایسی جگہ سے رزق دیتا ہے جہاں سے اُسے گمان بھی نہیں ہوتا۔ اور جو اللہ پر بھروسہ کرے تو اللہ اُس کے لئے کافی ہے۔” کو بیان کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: دنیا نے دیکھ لیا کہ آج جس نے تقوی الہی اختیار کیا تو اللہ نے اس کے لئے نجات کا راستہ کھول دیا، اور جس کے لئے اللہ نجات کا راستہ کھول دے اسے کوئی ہلاک نہیں کر سکتا۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے اس ہفتے کی مناسبتوں کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: 7 ذی الحجہ (114 ہجری) یوم شہادت حضرت امام محمد باقر علیہ السلام، 8 ذی الحجہ (60 ہجری) کو امام حسین علیہ السلام نے مکہ سے عراق کی جانب سفر فرمایا، 9 ذی الحجہ (60 ہجری) یوم عرفہ حضرت مسلم ابن عقیل علیہ السلام اور حضرت ہانی ابن عروہ علیہ السلام کی شہادت کی تاریخ ہے اور 10 ذی الحجہ کو عید قربان ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button