عراق

عراق کی قومی سلامتی ایجنسی کا بعث پارٹی کے خفیہ نیٹ ورک میں وسیع نفوذ، متعدد صوبوں میں سرکردہ عناصر گرفتار

عراق کی قومی سلامتی ایجنسی نے کالعدم بعث پارٹی سے وابستہ ایک خفیہ تنظیم کے خلاف ایک پیچیدہ اور غیر معمولی آپریشن کی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔

اس کارروائی کے دوران عراق کے مختلف صوبوں میں اس نیٹ ورک کے کئی سرکردہ رہنماؤں اور اراکین کو گرفتار کر لیا گیا۔

یہ گروہ نئے ناموں اور مختلف پردہ پوشیوں کے ساتھ خفیہ انداز میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھا اور مواصلاتی نیٹ ورکس و آن لائن اجلاسوں کے ذریعہ رابطے برقرار رکھتا تھا۔

عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، سکیورٹی اداروں نے کئی ماہ پر مشتمل انٹیلی جنس اور تکنیکی نگرانی کے بعد اس تنظیم کے مواصلاتی ڈھانچے اور متعلقہ اکاؤنٹس میں نفوذ حاصل کر لیا اور ان پر مکمل کنٹرول قائم کر لیا۔

اس کے بعد نیٹ ورک کے تمام اراکین کی نقل و حرکت اور رابطوں پر مسلسل نظر رکھی گئی۔

مڈل ایسٹ نیوز نے عراق کی قومی سلامتی ایجنسی کے بیان کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ معلوماتی ڈیٹا مکمل ہونے کے بعد سکیورٹی فورسز نے ایک مربوط کارروائی میں اس گروہ سے متعلق دستاویزات اور مواصلاتی آلات بھی ضبط کر لئے۔

ایک غیر معمولی اقدام میں، جب اس تنظیم کے سرداروں کے درمیان ایک براہِ راست ویڈیو اجلاس جاری تھا، تو عراق کی قومی سلامتی ایجنسی کے ترجمان اچانک لائیو نشریات میں نمودار ہوئے اور اعلان کیا کہ اس نیٹ ورک کی تمام خفیہ سرگرمیاں گزشتہ کئی ماہ سے سکیورٹی اداروں کی نگرانی میں تھیں۔

عراقی حکام نے زور دے کر کہا ہے کہ وابستہ نیٹ ورکس کے باقی ماندہ عناصر کے تعاقب اور خاتمے کی کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button