مشہد میں میلادِ امام رضا علیہ السلام کی تیاریاں عروج پر، زائرین کی بڑی تعداد متوقع
مشہد میں میلادِ امام رضا علیہ السلام کی تیاریاں عروج پر، زائرین کی بڑی تعداد متوقع
مشہد میں امام رضا علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ہزاروں عاشق پیدل قافلوں کی صورت میں حرم کی جانب رواں دواں ہیں۔
اگرچہ پروازوں کی محدودیت کے باعث غیرملکی زائرین کی تعداد ماضی سے کم ہے، تاہم عراق، ترکی اور ازبکستان سے آنے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
ذمہ داران کے مطابق شب ولادت باسعادت تقریباً 10 ہزار پیدل زائرین کی آمد متوقع ہے۔ زائرین کے لئے راستوں میں سروسز، رہائش، اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ حرم میں مختلف زبانوں میں مذہبی و ثقافتی پروگرامز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
ٹریفک کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کے مرکزی راستوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور زائرین کو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مجموعی طور پر مشہد اس وقت عقیدت، یکجہتی اور روحانیت کا حسین منظر پیش کر رہا ہے۔




