امام زادہ شاہِ چراغ علیہ السلام : نورِ ولایت کی ایک درخشاں داستان
امام زادہ شاہِ چراغ علیہ السلام : نورِ ولایت کی ایک درخشاں داستان
سید السادات شاہ چراغ سید امیر احمد علیہ السلام درحقیقت اُس نورانی سلسلہ کی ایک روشن کڑی ہیں جو امام موسیٰ کاظم علیہ السلام سے جاری ہو کر دلوں کو منور کرتی ہے۔ آپؑ نہ صرف اپنے عظیم نسب کی وجہ سے ممتاز ہیں بلکہ اپنے کردار، علم اور حق سے وفاداری کے سبب تاریخِ ولایت میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ آپؑ کی والدہ جناب اُمّ احمد سلام اللہ علیہا علم و تقویٰ کی وہ مثال تھیں جن کی آغوش نے ایک ایسے فرزند کو پروان چڑھایا جو حق کی پہچان میں کبھی لغزش کا شکار نہ ہوا۔
جب مدینہ کی فضا امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی شہادت کے غم سے بوجھل ہوئی تو اہلِ مدینہ ایک اہم سوال سے دوچار ہوئے کہ اب امام کون ہے؟ نگاہیں حضرت احمد بن موسیٰ علیہ السلام کی طرف اٹھیں، جن کی عظمت اور کرامات کا شہرہ پہلے ہی عام تھا۔ لوگ جوق در جوق ان کے در پر جمع ہوئے اور انہیں مسجد تک لے آئے، گویا دلوں نے انہیں اپنا امام مان لیا ہو۔ بیعت کا سلسلہ شروع ہوا، لیکن یہ وہ لمحہ تھا جہاں ایک عظیم روح کی حقیقت آشکار ہوئی۔
منبر پر جلوہ افروز ہو کر آپؑ نے ایسا خطبہ ارشاد فرمایا جو فصاحت و بلاغت کا آئینہ دار تھا، مگر اس سے بڑھ کر صداقت کا اعلان تھا۔ آپؑ نے فرمایا کہ اگرچہ تم نے میری بیعت کی ہے، مگر میں خود اپنے بھائی امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی بیعت میں ہوں۔ یہی وہ لمحہ تھا جب حق اپنی اصل صورت میں جلوہ گر ہوا اور لوگوں نے جان لیا کہ امامت کا حقیقی وارث کون ہے۔ یوں حضرت احمد علیہ السلام نے نہ صرف خود حق کی پیروی کی بلکہ دوسروں کے لئے بھی راہِ ہدایت روشن کر دی۔
جب عباسی حاکم ہارون کے شطرنجی بیٹے مامون رشید ملعون نے سیاسی حکمتِ عملی کے تحت امام علی رضا علیہ السلام کو ولی عہد بنایا اور یہ خبر حجاز پہنچی تو حضرت احمد علیہ السلام اپنے اہلِ خاندان اور رفقاء کے ساتھ محبت و عقیدت کے جذبے سے سرشار ہو کر طوس کی طرف روانہ ہوئے۔ مگر تقدیر نے انہیں شیراز کی سرزمین پر روک لیا، جہاں آزمائشوں اور فریب کے سائے گہرے تھے۔ دشمنوں کی چالوں نے قافلے کو منتشر کیا، اور بالآخر یہ مردِ حق اسی سرزمین پر شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے، جہاں آج بھی ان کا نورانی مزار محبان اہل بیت علیہم السلام کی زیارت گاہ ہے۔
وقت گزرتا رہا، اور ان کی قبر مٹی کے ایک گمنام ٹیلے میں چھپ گئی، مگر نور کو کب تک چھپایا جا سکتا تھا؟ ایک مومنہ ضعیفہ خاتون کی آنکھوں نے ہر شب جمعہ اس ٹیلے پر ایک روشن چراغ دیکھا، جو گویا کسی راز کی طرف اشارہ کر رہا تھا۔ جب یہ بات امیر عضدالدولہ دیلمی تک پہنچی تو انہوں نے خود اس راز کی جستجو کا ارادہ کیا۔ اور پھر وہ لمحہ آیا جب اس نور نے اپنی پہچان ظاہر کی اور “شاہِ چراغ” کا نام تاریخ میں ثبت ہو گیا۔
اسی کشف کے بعد اس مقام پر ایک شاندار بارگاہ تعمیر کی گئی، جو آج شیراز کی روحانی پہچان بن چکی ہے۔ یہاں آنے والا ہر زائر صرف ایک مزار کی زیارت نہیں کرتا بلکہ ایک ایسی وفا، صداقت اور ولایت کی داستان کو محسوس کرتا ہے جو صدیوں سے دلوں کو روشن کر رہی ہے۔
شاہِ چراغ علیہ السلام کا حرم اپنی معماری میں بھی ایک داستان سناتا ہے؛ کشادہ صحن، کاشی کاری سے مزین دروازے، دو منزلہ حجرے، اور منبت کاری سے آراستہ ایوان، یہ سب مل کر ایک روحانی فضا پیدا کرتے ہیں جہاں دنیوی ہنگاموں کی آواز مدھم پڑ جاتی ہے۔ بعد کے ادوار میں ملکہ تاشی خاتون کی خدمات نے اس بارگاہ کو مزید جلال بخشا، گویا تاریخ نے بھی اس نور کی حفاظت کا بیڑا اٹھا رکھا ہو۔
آج شاہِ چراغ علیہ السلام کا مزار نہ صرف ایک زیارت گاہ ہے بلکہ حق کی گواہی بھی ہے، یہ گواہی کہ سچائی وقتی طور پر اوجھل ہو سکتی ہے، مگر اس کی روشنی کبھی مدھم نہیں پڑتی۔ یہی وہ چراغ ہے جو صدیوں سے دلوں میں جل رہا ہے اور رہتی دنیا تک جلتا رہے گا۔
6 ذی القعدہ کو پورے ایران خاص طور سے شیراز میں آپ کی یاد میں جشن منایا جاتا ہے اور آپ کی خدمت میں خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔




