مصحفِ امیرالمؤمنین علیہ السلام حضرت بقیۃ اللہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے پاس ہے اور ظہور کے وقت لوگوں کے سامنے پیش کیا جائے گا: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور اتوار 12 شعبان 1447 ہجری کو منعقد ہوا۔
جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے مصحف امیر المومنین علیہ السلام کے بارے میں فرمایا: امیرالمؤمنین علیہ السلام سے منقول ایک حدیث کے مطابق، پورا قرآن ابتدا سے انتہا تک، رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ کی زبانِ مبارک سے تفسیر اور تاویل کے ساتھ، خود امیرالمؤمنین علیہ السلام نے تحریر فرمایا تھا۔
معظم لہٰ نے مزید فرمایا: روایات میں آیا ہے کہ مصحفِ امیرالمؤمنین علیہ السلام اس وقت حضرت بقیۃ اللہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے پاس موجود ہے اور آپ کے ظہور کے وقت اسے لوگوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے یہ بھی تاکید فرمائی کہ شیخ مفیدؒ سے لے کر آج تک شیعہ علماء کے درمیان یہ بات مشہور بلکہ متواتر ہے کہ جو قرآن آج ہمارے پاس موجود ہے، اس میں نہ ایک لفظ کا اضافہ ہوا ہے اور نہ ہی ایک حرف کی کمی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے یہ روزانہ علمی نشستیں قبل از ظہر منعقد ہوتی ہیں، جنہیں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل کے ذریعے یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھا جا سکتا ہے۔




