خبریںمقدس مقامات اور روضے

نیمہ شعبان (15 شعبان) کی میلیونی زیارت کے انعقاد کے لئے شہرِ مقدس کربلا کی ہمہ جہت تیاری

ایام نیمہ شعبان (15 شعبان) کی آمد کے ساتھ ہی شہرِ مقدس کربلا میں بنیادی ڈھانچے، سکیورٹی، رفاہی اور ثقافتی شعبوں میں مربوط اور منظم اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ اقدامات لاکھوں زائرین کی محفوظ، منظم میزبانی اور اس عظیم الشان زیارت کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے مقصد سے کئے جا رہے ہیں۔

اس حوالے سے ہمارے ساتھی رپورٹر نے ایک رپورٹ تیار کی ہے، جو آپ کے سامنے پیش کی جا رہی ہے۔

حضرت حجت عجل‌اللہ تعالیٰ فرجہ‌الشریف کے یوم ولادت باسعادت قریب آتے ہی، شہرِ مقدس کربلا ایک بار پھر اُن عظیم الشان قافلوں کا مرکز بن گیا ہے جو عراق کے مختلف صوبوں اور گوناگوں راستوں، بالخصوص پیدل سفر کرتے ہوئے، روضۂ امام حسین علیہ السلام اور روضۂ حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کی جانب رواں دواں ہیں۔

کربلا–بغداد، کربلا–نجف اور کربلا–بابل کے راستوں پر خدمت گزار موکبوں کی وسیع پیمانے پر موجودگی، نیز گاڑیوں کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لئے بیرونی راستوں کی بحالی، اس میلیونی اجتماع کے نظم و نسق کے لئے کی گئی منصوبہ بندی کا حصہ ہیں۔

بنیادی سہولیات کے شعبہ میں، عراق کی وزارتِ بجلی نے کربلا اور اس کی جانب آنے والے راستوں پر بجلی کی فراہمی کے انتظام کے لئے ایک خصوصی آپریشن روم قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، یہ آپریشن روم بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کرنے والی کمپنیوں کے اشتراک سے کام کرے گا اور بجلی گھروں، ترسیلی لائنوں کی مسلسل نگرانی اور برقی لوڈ کے ہوشمندانہ انتظام کی ذمہ داری سنبھالے گا، تاکہ زائرین کی کثرت کے دنوں میں بجلی کا نظام مستحکم رہے۔

مڈل ایسٹ نیوز نے بھی ان اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے 15 شعبان کی زیارت کے دوران بجلی کی پائیدار فراہمی کو خدمات رسانی کی اولین ترجیحات میں قرار دیا ہے۔

سکیورٹی اور امدادی شعبے میں، عراق کے سول ڈیفنس ادارہ نے اعلان کیا ہے کہ پہلی مرتبہ 15 شعبان کی زیارت کے حفاظتی منصوبے کے تحت آگ بجھانے اور امداد و نجات کے لئے مخصوص 2 ہیلی کاپٹر شہرِ مقدس کربلا میں تعینات کئے گئے ہیں۔

عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، یہ ہیلی کاپٹر دیگر امدادی اور خدماتی ہیلی کاپٹروں کے ساتھ مل کر فضائی معاونت فراہم کریں گے اور کسی بھی ممکنہ حادثے کی صورت میں فوری ردِعمل اور زائرین کی سلامتی کے معیار کو بلند کرنے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

ان انتظامات کے ساتھ ساتھ زائرین کے لئے رفاہی سہولیات کو بھی وسعت دی گئی ہے۔ روضۂ حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے صحنوں میں پینے کے صاف پانی کے متعدد ذرائع فراہم کئے گئے ہیں تاکہ زائرین کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

اسی طرح شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق، ثقافتی شعبے میں مؤسسہ خیریہ کربلا کی جانب سے 15 شعبان کے موقع پر ایک کتاب نمائش کا افتتاح بھی کیا گیا ہے، جہاں زائرین کو دینی آثار سے استفادہ اور شرعی سوالات کے بالمشافہ جوابات حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

ان تمام اقدامات کا مجموعی جائزہ اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ شہرِ مقدس کربلا مکمل اور ہمہ جہت آمادگی کے ساتھ 15 شعبان کی میلیونی زیارت کے شایانِ شان انعقاد اور زائرین کی بہترین میزبانی کے لئے خود کو تیار کر چکا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button