تاریخ اسلام

9 ذی الحجہ؛ یوم شہادت حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام

9 ذی الحجہ؛ یوم شہادت حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام

حضرت مسلم بن عقیل بن ابی طالب علیہ السلام امیر المومنین امام علی علیہ السلام کے بھتیجے اور سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کے چچیرے بھائی اور کوفہ میں سفیر تھے۔ آپ کا شمار بنی ہاشم کی ممتاز شخصیات میں ہوتا ہے۔

امام حسین علیہ السلام نے جب 28 رجب سن 60 ہجری کو مدینہ سے مکہ کی جانب سفر کیا تو حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام آپ کے ہمراہ تھے اور جب مکہ مکرمہ میں اہل کوفہ کے خطوط کثرت سے امام حسین علیہ السلام کو موصول ہوئے تو آپ نے حضرت مسلم ابن عقیل کو اپنا سفیر بنا کر کوفہ بھیجا تاکہ وہ کوفہ میں امام حسین علیہ السلام کی نمائندگی کریں۔

حضرت مسلم ابن عقیل 5 شوال سن 60 ہجری کو کوفہ پہنچے، شیعہ آپ کی خدمت میں حاضر ہوتے تو آپ امام حسین علیہ السلام کا خط پڑھ کر انہیں سناتے تھے۔

کوفہ میں 12000 لوگوں نے حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام کے دست مبارک پر امام حسین علیہ السلام کی بیعت کرتے ہوئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا۔ بعض مورخین نے بیعت کرنے والوں کی تعداد 18000 اور بعض نے 30000 تک لکھی ہے۔

حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام نے 11 ذی القعدہ 60 ہجری کو امام حسین علیہ السلام کو خط لکھا اور بہت سے لوگوں کی بیعت کی تائید کی اور امام حسین علیہ السلام کو کوفہ آنے کی دعوت دی۔

عبید اللہ ابن زیاد کے کوفہ پہنچتے ہی شہر کے حالات تبدیل ہو گئے، حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام نے جناب ہانی بن عروہ رضوان اللہ تعالی علیہ کے گھر قیام کیا تو شیعہ مخفی طور پر وہاں آپ سے ملاقات کے لئے حاضر ہوتے تھے۔

روایات کے مطابق عبید اللہ بن زیاد کی لالچ اور دھمکیوں کے سبب کوفہ کے حالات تبدیل ہو گئے اور بیعت کرنے والوں میں سے اکثریت منحرف ہو گئی۔ یہاں تک کہ جب آپ نماز عشاء کے بعد مسجد سے نکلے تو تنہا تھے۔

اس شب میں حضرت مسلم علیہ السلام نے زن مومنہ طوعہ کے گھر میں پناہ لی۔ اس زن مومنہ کے نابکار بیٹے نے مخبری کر دی تو عبید اللہ بن زیاد نے جناب مسلم علیہ السلام سے جنگ اور گرفتاری کے لئے محمد بن اشعث ملعون کی قیادت میں 70 مسلح لوگوں کو بھیجا۔

جنگ ہوئی، آخر حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام گرفتار ہوئے اور عبید اللہ بن زیاد کے دربار میں لے جائے گئے۔

عبید اللہ بن زیاد ملعون کے حکم پر حضرت مسلم علیہ السلام کو دارالامارہ کی چھت پر لے جایا گیا اور سر و تن میں جدائی کر دی گئی۔

حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام کی شہادت یوم عرفہ 9 ذی الحجہ سن 60 ہجری کو کوفہ میں ہوئی۔ راہ کوفہ میں امام حسین علیہ السلام کو آپ کی شہادت کی خبر ملی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button