نماز کو ہلکا سمجھنے کا مطلب یہ ہے کہ کوئی شخص جان بوجھ کر نماز میں اس قدر تاخیر کرے کہ نماز کا وقت ختم ہو جائے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور ہفتہ 27 شوال المکرم 1446 ہجری کو منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی حدیث "ہماری شفاعت اس کو نصیب نہیں ہوگی جو نماز کو ہلکا سمجھے۔” کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: استخفاف عربی کا لفظ ہے جسے امام جعفر صادق علیہ السلام نے عرف کو سمجھانے کے لئے استعمال کیا ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے استخفاف کے حدود و مصادیق کے سلسلہ میں فرمایا: امام جعفر صادق علیہ السلام نے استخفاف کے حدود معین نہیں کئے۔ ممکن ہے کہ استخفاف کے مراتب اور درجات ہوں۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے نماز میں استخفاف کے آثار کے سلسلہ میں فرمایا: نماز میں استخفاف کرنے کے معنی جو اس کے حکم کا موضوع ہے، واضح ہے کہ اہل بیت علیہم السلام کی شفاعت اس کے شامل حال نہیں ہوگی۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے نماز میں استخفاف کے مفہوم کے سلسلہ میں فرمایا: نماز میں استخفاف کا مطلب یہ ہے کہ کوئی شخص جان بوجھ کر نماز میں اس قدر تاخیر کرے کہ نماز کا وقت ختم ہو جائے۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے یہ روزانہ علمی نشستیں قبل از ظہر منعقد ہوتی ہیں، جنہیں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل کے ذریعے یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھا جا سکتا ہے۔