Jannah Theme License is not validated, Go to the theme options page to validate the license, You need a single license for each domain name.
ایشیاءخبریںدنیاہندوستان

آندھرا پردیش میں سیلاب، مسلسل بارش کی وجہ سے 33؍افراد ہلاک ،2 لاپتہ

آندھرا پردیش میں گذشتہ سات دنوں کے دوران شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے 33؍لوگوں کی موت ہو گئی، جب کہ دو لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔ ایک سرکاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں سیلاب اور بارش کی وجہ سے اب تک33؍ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

جن میں سے 25؍ افراد این ٹی آر ضلع میں، سات گنٹور ضلع میں اور ایک پلاناڈو ضلع میں موت ہوئی۔ اس آفت میں 106؍ بڑے اور 356؍ چھوٹے سمیت 462؍مویشی ہلاک ہو گئے۔ اس کے علاوہ 61؍ہزار 974؍ پرندے بھی مارے جا چکے ہیں۔ اہلکار نے 131؍ ہیلتھ کیمپس خصوصی طور پر مویشیوں کیلئے لگائے جہاں 14092؍ جانوروں کا علاج کیا گیا۔ سیلاب کی وجہ سے بجلی کے سات سب اسٹیشنز اور دو 33؍ کے وی فیڈرز کو نقصان پہنچا۔

فی الحال، ان کی مرمت کر دی گئی ہے۔ سیلاب سے 63؍ مقامات پر سڑکوں کو نقصان پہنچا۔ ریلیز کے مطابق سیلاب اور مسلسل بارشوں کے باعث 20؍ اضلاع میں ایک لاکھ 81؍ ہزار 538؍ ہیکٹر رقبے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اور 205194؍ کسانوں کو نقصان ہوا ہے۔ اس کے علاوہ 19؍ ہزار 684؍ہیکٹر میں باغبانی کی فصلوں کو نقصان پہنچا جس سے 12؍ اضلاع میں 30؍ ہزار 877؍ کسان متاثر ہوئے۔

مسلسل بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 6؍ لاکھ 44؍ ہزار 133؍افراد متاثر ہوئے اور ان کیلئے 230؍ریلیف کیمپ قائم کئے گئے جبکہ 344؍ حاملہ خواتین کو میڈیکل کیمپوں میں رکھا گیا۔ ریلیز کے مطابق این ٹی آر ضلع میں راحتی کارروائیوں کیلئے 18؍ اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، 23؍ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور دو بحریہ کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں، جبکہ چھ ہیلی کاپٹروں (بحریہ کے دو اور فضائیہ کے چار) نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کھانے کے پیکٹ اور پانی کی بوتلیں گرائیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button