عالمی یومِ ذیابیطس؛ چین کے بعد ہندوستان میں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ
14 نومبر کو دنیا بھر میں عالمی یومِ ذیابیطس منایا جاتا ہے، جس کا مقصد اس مرض کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور اس سے بچاؤ و علاج کے طریقوں کو فروغ دینا ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق چین 148 ملین مریضوں کے ساتھ پہلے اور ہندوستان 89.8 ملین مریضوں کے ساتھ دنیا میں دوسرے مقام پر ہے۔
فہرست میں امریکہ 38.5 ملین مریضوں کے ساتھ تیسرے، پاکستان 34.5 ملین کے ساتھ چوتھے اور انڈونیشیا 20.4 ملین کے ساتھ پانچویں مقام پر ہے۔ اس کے علاوہ برازیل، بنگلہ دیش، میکسیکو، مصر اور جاپان بھی ذیابیطس سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہیں۔
ماہرینِ صحت نے ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی، وزن پر قابو اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر اس مرض کی روک تھام، بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کے حوالے سے عوامی آگاہی کی اہمیت اجاگر کی جاتی ہے۔




