شہر سامرا لاکھوں عزاداروں کا میزبان

مسلمانوں کے گیارہویں امام حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے ایام شہادت کے موقع پر سامرا میں لاکھوں زائرین کی پُرجوش حاضری جاری ہے۔ عراق اور دنیا کے مختلف خطوں سے زائرین حرمِ مطہر امامین عسکریین سلام اللہ علیہما پہنچ رہے ہیں تاکہ عزاداری کے مراسم ادا کریں۔
سامرا شہر، جو عراق کے صوبہ صلاح الدین میں واقع ہے، 8 ربیع الاول، حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والے شیعیان و سوگواران کی میزبانی کر رہا ہے۔ زائرین اس مقدس سرزمین پر امامِ مظلوم کی بارگاہ میں تعزیت پیش کرنے اور تجدیدِ عہد کے لئے پہنچ رہے ہیں۔
زائرین کی آمدورفت اور خدمات کو بہتر بنانے کے لئے مقامی حکام اور صوبہ صلاح الدین کی انتظامیہ نے سامرا، بلد اور دجیل سمیت بعض علاقوں میں سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے، تاکہ عزاداری کے مراسم کے لئے مناسب ماحول فراہم کیا جا سکے۔
شہر کا روحانی ماحول سیاہ پرچموں اور سوگ کی علامت سیاہ کپڑوں سے پوری طرح بدل گیا ہے۔ حرمِ مطہر امامین عسکریین سلام اللہ علیہما کے صحن و اطراف میں نوحہ و مرثیہ اور سوز کی صدائیں گونج رہی ہیں۔
سکیورٹی اور خدماتی اداروں نے بھی خصوصی انتظامات میں اضافہ کرتے ہوئے زائرین اور مشایہ کے قافلوں کی بلا رکاوٹ آمد کے لئے محفوظ ماحول فراہم کیا ہے۔
عراق کے جنوبی اور وسطی صوبوں کے مختلف طبقات کے علاوہ دنیا کے متعدد ممالک سے آنے والے زائرین کی بڑی تعداد نے اہل بیت علیہم السلام سے اپنی گہری عقیدت و محبت کا ایک بے مثال منظر پیش کیا ہے۔
سامرا کی جانب جانے والے راستوں، بالخصوص بغداد سے حرمِ مطہر تک کے راستے میں 950 سے زائد حسینی مواکب قائم کئے گئے ہیں۔
یہ مواکب شب و روز بڑی ایثار و محبت کے ساتھ زائرین کو گرم کھانا، مشروبات، رہائش، طبی سہولیات اور ثقافتی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
اسی طرح مقامی خدماتی و امدادی اداروں نے رضاکار کارکنوں کے تعاون سے زائرین کی غیر معمولی تعداد کو منظم کرنے اور ازدحام کے اوقات میں ان کی ضروریات کو فوری طور پر پورا کرنے کے لئے جامع انتظامات کئے ہیں۔
حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے علامتی تشییعِ جنازہ کا مراسم بھی زائرین کی ایک بڑی تعداد کی شرکت کے ساتھ منعقد ہوا۔
قابلِ ذکر ہے کہ حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کے مراسم کو امام حسین علیہ السلام میڈیا گروپ کے 6 ذیلی ٹی وی چینلز کے ذریعہ دنیا کی پانچ زندہ زبانوں میں براہِ راست نشر کیا گیا۔
سامرا میں مرکزی عزاداری کے ساتھ ساتھ دنیا کے مختلف علاقوں میں بھی عزاداری کے متعدد پروگرام منعقد کئے گئے۔ ان میں مختلف ممالک اور شہروں میں مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی کے بیت، دفاتر اور ان سے وابستہ مراکز میں منعقد ہونے والی مجالسِ عزا بھی شامل ہیں، تاکہ مسلمانوں کے گیارہویں پیشوا حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی یاد اور ان کی مظلومانہ شہادت کا پیغام پوری دنیا میں زندہ رکھا جا سکے۔




