اربعین کے موقع پر ایران کے راستے عراق جانے والے افغان زائرین کے لئے نئے شرائط کا اعلان
اربعین کے موقع پر ایران کے راستے عراق جانے والے افغان زائرین کے لئے نئے شرائط کا اعلان
زیارتِ اربعین کے ایام قریب آتے ہی ایران کے راستے عراق جانے والے افغان زائرین کے لئے نئی ہدایات اور شرائط جاری کر دی گئی ہیں۔
ابلاغ شدہ ضوابط کے مطابق ایران کی جانب سے ٹرانزٹ زیارتی ویزا بلا معاوضہ جاری کیا جائے گا، تاہم درخواست گزاروں کے لئے عراق کا کارآمد ویزا، قانونی سفری و اقامتی دستاویزات اور رجسٹرڈ زیارتی قافلوں کے ساتھ سفر کرنا لازمی ہوگا۔
خبر رساں ادارہ "صدائے افغان (آوا)” کے مطابق، زیارتی سفر کا انتظام کرنے والی کمپنیوں اور ٹریول ایجنسیوں کو زائرین کی آمد و رفت میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ان کی واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ہر زائر کے عوض 500 یورو بطور مالی ضمانت جمع کرانا ہوگی۔
ایران میں مقیم افغان زائرین کے لئے بھی لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ پہلے سماح نظام میں رجسٹریشن کرائیں، "سندِ خادم” حاصل کریں، اور اس کے بعد عراق روانگی کے لئے صرف مقررہ سرحدی راستوں، مثلاً شلمچہ بارڈر، سے ہی سفر کریں۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی سخت اور پیچیدہ شرائط، گزشتہ برسوں کی طرح، عملی طور پر افغانستان کے ہزاروں شیعہ زائرین کے لئے کربلائے معلیٰ کی زیارت اور اربعین کے عظیم عالمی اجتماع میں شرکت کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔




