
ماہِ محرم الحرام 1448 ہجری قمری کی آمد کے ساتھ ہی بیروت میں مرجعِ عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کے دفتر میں حضرت سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کی یاد میں عشرۂ اول محرم کی مجالسِ عزا کا آغاز ہو گیا ہے۔
ان مجالس میں علماء کرام، دینی و ثقافتی شخصیات، حوزۂ علمیہ کے طلبہ اور مؤمنین کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔ شرکائے مجالس واقعۂ کربلا، عاشورائے حسینی اور اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کے مصائب و آلام کو یاد کرتے ہوئے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
دفترِ آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی میں منعقد ہونے والی یہ مجالس شعائرِ حسینی کے احیاء، فکرِ عاشورا کے فروغ اور اہلِ بیت علیہم السلام کے معارف و تعلیمات کی ترویج کے مقصد سے منعقد کی جا رہی ہیں۔
منتظمین کے مطابق یہ مجالس عشرۂ اول محرم الحرام کے اختتام تک جاری رہیں گی، جن میں مؤمنین اور عزادارانِ امام حسین علیہ السلام بھرپور عقیدت، احترام اور روحانی وابستگی کے ساتھ شرکت کریں گے۔
یہ مجالس نہ صرف واقعۂ کربلا کے پیغام کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہیں بلکہ ایثار، وفاداری، حق طلبی اور ظلم کے خلاف قیام جیسے حسینی اقدار کو نسلِ نو تک منتقل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔




